بلوچستان کے زیر انتظام ڈیجیٹل لرننگ کے جدید تقاضے

ایف سی نارتھ بلوچستان کے زیر انتظام ڈیجیٹل لرننگ کے جدید تقاضے – کراچی سے آن لائن کلاسز براڈ کاسٹ

ڈیجیٹل لرننگ کے فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی اور میتھس کے مضامین کراچی سے مستند پروفیسرصاحبان طلباء کو آن لائن پڑھاتے ہیں۔ان کلاسز کو روزانہ شیڈول کے مطابق سکول پرنسپلز یقینی بناتے ہیں تاکہ طلبا ء و طالبات ان کلاسز میں شرکت لازمی بنائیں۔روزانہ تقریباََ 25 سو سے زائد طلباءو طالبات ان کلاسز سے مستفید ہورہے ہیں۔مختلف سکولوں میں نویں، دسویں، فرسٹ ائیر اور سیکنڈ ائیر کی آن لائن کلاسز کے لئے باقاعدہ سکرینز نصب کی گئی ہیں جس پر یہ کلاسز طلباء کو دکھائی جاتی ہیں اوریہ دو طرفہ Communication ہوتی ہے۔ہر کلاس میں جدید کیمرے، key بورڈ اور مائیک موجود ہیں تاکہ بچے بہ آسانی اساتذہ سے سوالات پوچھ سکیں۔طلباء و طالبات کی سہولت کیلئے ریکارڈڈ لیکچرز کا بھی فیچر شامل کیا گیا ہے۔روزانہ کی بنیاد پر دئیے جانے والے لیکچرز کو ریکارڈ کر کے ایف سی پبلک سکولز اینڈ کالجز کی ویب سائٹ پر ڈال دیا جاتا ہے تاکہ ضرورت کے وقت ان لیکچرز سے دوبارہ مستفید ہوا جا سکے۔اس کے علاوہ Tec (The Education Consultancy) براؤزر بھی متعارف کرایا گیا ہے جس سے ہرطالب علم فیضیاب ہو سکے گا جس میں لرننگ مینجمینٹ سسٹم، کمپیوٹر بیسڈ سسٹم کے علاوہ انگلش، سائنس، میتھس، فزیکس، کیمسٹری، بائیولوجی سے متعلق تمام مواد شامل ہے۔ علاوہ ازیں کلاس اول سے آٹھویں تک کا بھی مواد اس براؤزر میں رکھا گیا ہے۔اس اقدام سے طلباء و طالبات کی کارکردگی میں کافی مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے جس سے طلباء و طالبات فیڈرل بورڈ میں نمایاں پوزیشنز حاصل کر رہے ہیں۔پہلے کامیاب مرحلے میں چمن، پشین، بلیلی، ژوب، لورالئی، بار کھان، کوہلو، سبی، ڈیرہ مراد جمالی، سوئی، ڈیرہ بگٹی، نوشکی اور دُکی کے طلباءو طالبات اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ بعدازاں بتدریج پورا صوبہ اس سے فیضیاب ہو سکے گا۔یہ امر قابلِ فخر ہے کہ سوئی، لورالائی اور ژوب کے ایف سی پبلک سکولز اور کالجز اس وقت فیڈرل بورڈ کے ٹاپ ٹین سکولوں اور کالجز میں شمار کئے جاتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ ان سکولوں کے طلباء و طالبات 90 سے 98 فیصد تک فیڈرل بورڈ کے امتحانات میں سکور کر چکے ہیں۔اس وقت فیڈرل بورڈ سے منسلک بلوچستان کے اندر 40 سکول ہیں، جن میں ایف سی کے16سکول ٹاپ پر ہیں۔اسکے علاوہ باقی ہائی سکولز جو بلوچستان بورڈ کے ساتھ منسلک ہیں اُن کو بھی آن لائن کلاسز دی جارہی ہیں۔بلوچستان کیلئے ڈیجیٹل لرننگ مستقبل کے معماروں کیلئے نویدِ صبح ثابت ہو رہی ہے۔