پنجاب میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی، میرج ہالز مالکان پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد
پنجاب میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پر میرج ہالز مالکان پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کردیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل گوجرہ میں اسسٹنٹ کمشنر حسن نذیر کی جانب سے شہر میں مختلف میرج ہالز پر چھاپے مرے گئے۔اسسٹنٹ کمشنر حسن نذیر نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف میرج ہالز مالکان پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کردیے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر حسن نذیر کا کہنا ہے کہ جھنگ روڈ پر قائم شہنائی میرج ہال کو 1لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ بیس لائن روڈ پر گیلانی میرج ہال کو 50ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تقریبات میں کورونا ایس اوپیز اور ون ڈش کی خلاف ورزیاں جاری تھیں۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 6540 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 902 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29077 ہو چکی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار 19 تک پہنچ چکی ہے۔این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 11.10 فیصد ہوگئی ہے۔ کورونا کیسز کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ سندھ میں 5 لاکھ 20 ہزار 215، پنجاب میں 4 لاکھ 60 ہزار 335، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 83 ہزار 865، بلوچستان میں 33 ہزار 855، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 480، اسلام آباد میں ایک لاکھ 15 ہزار 939 جبکہ آزاد کشمیر میں 35 ہزار 130 کیسز رپورٹ ہوئے۔