پاکستان : کورونا کی پانچویں لہر مزید 32 جانیں لے گئی، 5ہزار 327نئے کیسز رپورٹ
اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے 5 ہزار 327 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے باعث مزید 32شہری انتقال کر گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا سے 14لاکھ 30ہزار 366افراد متاثر جبکہ وائرس میں مبتلا 29 ہزار 301شہری جان کی بازی ہار گئے۔ کورونا کی تشخیص کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 55ہزار202ٹیسٹ ہوئے، مجموعی ٹیسٹس 2 کروڑ50 لاکھ 73ہزار585ہوگئے۔ ملک بھر میں ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 9.65فیصد رہی جبکہ وائرس کے 1 ہزار 500مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
خیال رہے کہ وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاؤ کے ساتھ ہی شہرِ قائد میں کورونا کے خوف نے پنجے گاڑ دئیے۔ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا دائرہ مزید سب ڈویژنز تک وسیع کردیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو نقل و حرکت کی اجازت نہیں۔
آج سے 8 روز قبل تک صرف کراچی کے ضلع وسطی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا، 24 جنوری کو ضلع جنوبی میں بھی بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیشِ نظر سخت ایس او پیز کے ساتھ نئی پابندیوں کا نفاذ عمل میں لایا گیا جس کا مقصد وائرس کے پھیلاؤ کو روکناتھا۔