سیاسی طوفان؛ کم ھو گا یا زیادہ؟


مل جل کر کانفرنس ھو سکتی ھے حکومت نہیں- پاکستان جس چنگل میں پھنس چکا ہے ، اُسے compound effect کہتے ہیں – اس لئے جو کچھڑی حکومت بننے جا رھی ہے ،اس کے علاوہ کوئی چارہ بھی نہیں- تھوڑا چلنے پھرنے کے قابل ہوں تو پھر کچھ سوچئیے گا- سیاسی طوفان تھمنے کو ہے، یہی فی الحال کافی ہے –
گوورننس کی بہتری کے لئے اداروں کا پاؤں پر کھڑا ھونا اور ان میں بہترین لوگوں کا ہونا ضروری ھے- بہترین لوگ ہمارے اندر سے ہی آنے ہیں- اور ہم جیسے ہیں، وہ آپ سے کوئی ڈھکا چھپا تو نہیں-
عمران خان کو دوبارہ حکومت دے کے دیکھ لیں وہ 2019 دسمبر والی پوزیشن پر آ کھڑے ھو نگے کیونکہ عوام مہنگائی سے جان چھڑانا چاہتی ہے- اور مہنگائی کم کرنے کے لئے معاشی استحکام ضروری ھے-
ہمارے سیاسی اور گوورننس کے معاملات پارلیمنٹ میں کم اور عدالت میں زیادہ نظر آتے ہیں- یہ بالکل ایسے ہی ھے جیسے جہاز سڑکوں پر لینڈ کرنا شروع کر دیں –
نئی حکومت کو وراثت میں 82000 ارب روپے کا قرضہ، غصے سے بھرے پاکستان کی آبادی کا 64% نوجوان طبقہ، کمزور ھوتی پارلیمنٹ، اور سوشل میڈیا کے ٹرال فارمز ملے ہیں- ان نوجوانوں کی عمر بیس اور تنتیس سال کے درمیان ہے- یعنی آبادی کا یہ حصہ ۱۹۹۰ اور ۲۰۰۰ کی دھائی کے درمیاں پیدا ھوا- یہ نوجوان پاکستان میں آزاد پرایئویٹ میڈیا اور نئے نئے سوشل میڈیا کے دور میں پیدا ھوئے- یہ وھی دور ہے جب دھشت گردی کی جنگ عروج پر تھی اور بھارت نے انڈین کرونیکلز کے ذریعے پاکستان کے خلاف جنگ شروع کر رکھی تھی – ان نوجوان نے سیدھے سادھے ماحول میں نہیں بلکہ ایک پیچدہ بیرونی اور اندرونی ماحول میں پرورش پائی ہے-۲۰۱۹ کے آخر میں جب عمران حکومت گرداب میں پھنس چکی تھی تو یہ نوجوان اس وقت بھی مضطرب تھے- انہوں نے ڈالر کو ساٹھ روپے سے ۳۲۰ روپے تک جاتے دیکھا ھے-پٹرول کو چالیس روپے سے تین سو تک جاتے دیکھا ھے، بجلی کی بیس بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ، اپنے گھروں کے چولہے بجھتے دیکھے ہیں-
کیونکہ نوجوان طبقہ بے روزگار ھے، اس لئے پورا پورا خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہے- ہمارے ملک میں ڈگری یافتہ افراد کی نسبت ھنر مند بچے زیادہ خوشحال ہیں- پاکستان میں پروفیشنل ڈگری متوسط طبقے کے لئے ایک سٹیٹس سمبل بن چکا ھے- پیسے کمانے کی بجائے گریڈ سترہ کی نوکری کو بہتر تصور کیا جاتا ھے-
فوری روزگار کے لئے ہمیں نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ھنر مندی ،سکھانی ھو گی- توانائی کی پیداوار، استعمال اور اس کی قیمت کی وصولی میں توازن پیدا کرنا ھو گا- نوجوانوں کو فری لانسنگ کی تربیت دے کر آئی ٹی سروسز کو پروموٹ کرنا ھو گا- ٹوررزم سے فوری فائدہ حاصل ہو سکتا ھے-