ڈرامہ ’دل نا امید تو نہیں‘ روایتی کہانیوں کو چیلنج کر پائے گا؟

پاکستانی ڈراموں پر ایک عرصے سے یہ تنقید کی جا رہی ہے کہ یہاں بننے والے ڈرامے جذباتیت سے بھرپور لَو سٹوری، ساس بہو کے جھگڑے، طلاق، خاندانی سیاست سے باہر نہیں نکل پا رہے۔
لیکن حال ہی میں کچھ ایسے ڈرامے بھی ریلیز ہوئے ہیں جنہوں نے ان روایتی کہانیوں کو چیلنج کرتے ہوئے ان موضوعات پر بات کی جو یا تو معاشرے میں ٹیبو سمجھے جاتے ہیں یا پھر بھیڑ چال کی وجہ سے اس سے پہلے سکرین پر نہیں آ سکے۔
ایسا ہی ایک ڈرامہ ’دل نا اُمید تو نہیں‘ ہے جس کے باقاعدہ نشر ہونے سے پہلے اس کے ٹیزرز ہی ناظرین کی توجہ کھینچنے میں کامیاب رہے۔
نجی چینل ’ٹی وی ون‘ پر اس ڈرامے کی تین ابتدائی اقساط نشر ہو چکی ہیں۔
سوشل میڈیا اور ٹی وی ون کے یوٹیوب چینل پر کمنٹس سیکشن میں بڑی تعداد میں مثبت فیڈ بیک سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ڈرامہ روایتی کہانیوں سے بیزار ناظرین کو ایک بار پھر ٹی وی سکرین کے سامنے لا بٹھانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

ڈرامے میں نیا کیا ہے؟ 

آمنہ مفتی کا تحریرکردہ، کاشف نثار کی ہدایتکاری اور کشف فاؤنڈیشن کی پروڈکشن میں بننے والا ڈرامہ ’دل نا اُمید تو نہیں‘ کسی ایک نہیں بلکہ کئی موضوعات کا احاطہ کرتا ہے۔
اس ڈرامے میں ڈرامے میں انسانی خصوصاً عورتوں کی سمگلنگ اور ان کے ساتھ انسانیت سوز رویے جیسے  ایشوز کو اجاگر کیا گیا ہے۔ لڑکیوں کے دکھ اور ان مجبوریوں کا تذکرہ کیا گیا ہے کہ کس طرح  پھنس کر رہ گئی ہیں۔
اگرچہ یہ ڈرامہ کسی بڑے ٹی وی چینل پر نشر نہیں ہو رہا لیکن اس کی کاسٹ میں بڑے نام شامل ہیں۔ فوٹو: انسٹا گرام یسریٰ رضوی
اس ڈرامے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کئی کردار ہیں جن کی اپنی اپنی کہانی ہے اور ہر کہانی اور کردار اپنی جگہ بہت مضبوط ہے۔
’دل نااُمید تو نہیں‘ میں گاؤں کا بھی ایسا نقشہ کھینچا گیا ہے جو حقیقت کے بہت قریب معلوم ہوتا ہے۔ گاؤں کے ایک سرکاری سکول میں پڑھنے والا بچہ اپنی ماں اور استاد کی بے جا مار پیٹ اور اپنے ہم عمر ساتھیوں کے مذاق کا نشانہ بننے کی وجہ سے گھر سے بھاگنے کا ارادہ کر لیتا ہے۔
اسی گاؤں میں ایک ایسا غریب خاندان بھی دکھایا گیا ہے جو لڑکی کے سسرال والوں کی طرف سے جہیز میں موٹرسائیکل کے مطالبے پر سخت پریشان ہے۔ مالی تنگدستی کی وجہ سے لڑکے والوں کی یہ شرط پوری کرنا اس خاندان کے لیے ممکن دکھائی نہیں دے رہا۔
یہ ڈرامہ لڑکیوں کے حوالے سے دقیانوسی سوچ کو سامنے لا کر ان پہ سوال بھی اٹھا رہا ہے جیسے کہ ڈرامے میں ایک نو عمر بچی کے لڑکوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کو معیوب سمجھا جاتا ہے تو یہاں یہ سوال کیا گیا ہے کہ ’کیا لڑکیوں کا کھیل کے میدان پر کوئی حق نہیں؟‘

ڈرامے کی کاسٹ میں کون کون شامل ہے؟ 

اگرچہ یہ ڈرامہ کسی بڑے ٹی وی چینل پر نشر نہیں ہو رہا لیکن اس کی کاسٹ میں بڑے نام شامل ہیں جیسے کہ نعمان اعجاز، نوید شہزاد، سمیعہ ممتاز، نورالحسن اور کاشف محمود اس ڈرامے کا حصہ ہیں۔
ڈرامے کی کاسٹ میں نعمان اعجاز جیسے بڑے نام شامل ہیں۔ فوٹو: انسٹاگرام نعمان اعجاز
ویب سیریز ’چڑیلز‘ میں بولڈ اداکاری سے مشہور ہونے والی یاسرہ رضوی ایک کال گرل سویرا کا کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ یمنیٰ زیدی جو زیادہ تر مثبت کرداروں میں ہی نظر آتی ہیں اس ڈرامے میں وہ زرا مختلف کردار نبھا رہی ہیں۔
’عہد وفا‘ سے شہرت پانے والے وہاج علی بھی ڈرامے کی کاسٹ میں شامل ہیں۔
ArticleAuthorPostVideo
Comments (0)
Add Comment