تحریر : ڈاکٹر یوسف عالمگیرین
وطن عزیز پاکستان کسی تحفۂ خدا وندی سے کم نہیں ہے ۔ اس کے حصول کے لیے برصغیر کے مسلمان قائداعظم محمدعلی جناح کی قیادت میں کٹھن چیلنجز سے نبرد آزما ہوئے، سختیاں جھیلیں اور سیکڑوں جانوں کی قربانیاں دے کر آزاد وطن کی سرزمین تک پہنچے۔ بانیِ پاکستان محمدعلی جناح نے23 مارچ1948 کواپنے خطاب میں کہا ”پاکستان کی داستان، اس کے لیے کی گئی جدوجہد اور اس کا حصول ،رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لیے راہ نما رہے گی کہ کس طرح مشکلات سے نبر د آزما ہواجاتا ہے۔”یقینا وہ لوگ جو اپنا سب کچھ لُٹا کر کسمپرسی کی حالت میں پاکستان پہنچے انہیں اس سرزمین کی قدرو قیمت کا اندازہ ہے اور آزاد وطن کی اہمیت کا بھی انہیں حددرجہ احساس ہے۔ آزادی کے حصول کی ایک قیمت ہے تو آزادی کو برقرار رکھنے کی بھی ایک قیمت ہے۔ آئے روز قوم کے بیٹے وطن کی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اپنا آج قوم کے کل کے لیے قربان کررہے ہوتے ہیں ۔ ہم اور آپ جیسے جیتے جاگتے انسان وطن کی راہ میں مرمٹتے ہیں تو صرف اس لیے کہ یہ وطن محفوظ و مضبوط رہے، لوگ خوشحالی اور وقار کی زندگی جی سکیں۔ یقینا افواج پاکستان کے جری سپوت جو سرزمین وطن کے چپے چپے کی حفاظت پر مامورہیں، وہ اس کی حفاظت کے لیے تن، من، دھن وار دیتے ہیں لیکن وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیتے۔
دشمن جب جنگوں کے ذریعے کسی قوم کو زیر نہیں کرسکتا تو پھر وہ گہری سازشوں اور پروپیگنڈے کی راہ اپناتا ہے ۔ فیک نیوز اور سازشی تھیوریز کے ذریعے کسی ریاست کی جڑیں کھوکھلی کرنے کے لیے عوام الناس میں پھوٹ اور نفاق پیدا کیا جاتا ہے تاکہ دشمن کا کام آسان ہو سکے۔ ہمیں بحیثیت قوم اس امر کا ادراک ہونا چاہیے کہ ہم نے سوشل میڈیا کے اس دور میں خود کو کس طرح ان سازشی تھیوریز سے بچانا ہے اور ریاست کے خلاف استعمال نہیں ہونا۔ ہمیں فہم وفراست اور فکر و تدبرکے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور پاکستان دشمن عناصر کی ان چالوں پر گہری نظر رکھنی ہے جو ریاستِ پاکستان کو کسی بھی طرح سے گزند پہنچا سکتی ہیں۔ بانیِ پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے30 اکتوبر 1947 کو لاہور میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ”دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی” اور 15 جون 1948کو اپنے خطاب میں فرمایا تھا”ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم میں سے کوئی بھی سندھی ، بلوچی، بنگالی،پٹھان یا پنجابی نہیں ہے۔ ہمیں صرف اور صرف اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہونا چاہیے۔”
اپنے وطن سے محبت کرنا درحقیقت قدرت کی شکرگزاری ہے کہ اس نے ہمیں یہ نعمت عطا کررکھی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیدعاصم منیر نے بھی اپنے ایک خطاب میں کہایہ ”ہمارا پاکستان” ہے۔بلاشبہ ‘ہمارا پاکستان’ صرف ایک سلوگن نہیں دل کی آواز ہے اور پاکستان کے ساتھ بے پایاں محبت کا اظہار بھی ہے۔ ریاست پاکستان کے مختلف ادارے وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے سرگرداں ہیں۔ ملک کے مختلف شعبے انتہائی کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ یقیناپاکستان کو مختلف محاذوں پر بعض چیلنجزکا سامنا ہے لیکن وہ دن دور نہیں جب قوم اور افواج باہم مل کر ان چیلنجز پر قابو پالیں گے اور پاکستان ان شاء اﷲ ترقی کے راستے پر رواں دواں ہوگا۔
پاکستان ہے تو ہم ہیں’ یہ ہم سب کا پاکستان ہے۔ ||
(اداریہ ۔۔۔ ماہنامہ ہلال ۔۔۔مئی 2023)