آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج مادرِ وطن کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتی ہیں،بھارت کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر کا دورہ کیا ہے، جہاں انہیں تازہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کی اور ان کی پیشہ وارانہ قابلیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی قیادت نےگلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیئے۔پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،ہماری مسلح افواج مادرِ وطن کے چپے چپے کی حفاظت کرنا جانتی ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ کسی بھی مس ایڈوینچر کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا اوربھارت کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کا حق دلوائے۔