بھارتی میڈیا کے مطابق، سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ کینیڈا میں مقیم ایک گینگسٹر اور مطلوب مجرم گولڈی برار نے گلوکار سدھو موسے والا کے بہیمانہ قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے.
فیس بک پوسٹ میں برار نے دعوی کیا کہ ’میں، سچن بشنوئی دھترانوالی، لارنس بشنوئی گروپ کے ساتھ، سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ ‘
مطلوب مجرم نے مزید لکھا کہ’ان کا نام وکی مڈھوکھیرا اور گرلال برار کے قتل کے سلسلے میں سامنے آیا تھا اور اس کے باوجود بھی پولیس نے گلوکار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔‘
تاہم، بھارتی میڈیا ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتا کہ فیس بک پوسٹ خود برار نے کی ہے یا اس کے کسی ساتھی نے کی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں موجود گلوکار کے مداح ان کی موت پر دکھ کا اظہار کررہے ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ کانگریس رہنما وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کیلئے جارہے تھے، بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کا کہنا تھا کہ انہیں بےدردی سے قتل کی اس واردات سے گہرا صدمہ پہنچا ہے اور قتل میں ملوث کسی ملزم کو چھوڑا نہیں جائے گا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ سدھو موسے والا کو کینیڈا کے گینگ نے نشانہ بنایا، کانگریس رہنمائوں نے اس قتل کی لرزہ خیز واردات کی مذمت کی ہے ۔ بھارتی میڈیاکے مطابق فائرنگ سے موسے والا کے ساتھ شدید زخمی ہونے والے دو افراد میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔