اسلام آباد: کراچی، اسلام آباد میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے۔
وفاقی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں سب سے زیادہ کیسز کراچی میں رپورٹ ہو رہے ہیں اور کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 40.13 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔کراچی میں گزشتہ روز کورونا کے 7 ہزار 232 ٹیسٹ کیے گئے۔ جس میں سے 2 ہزار 902 کیسز سامنے آئے۔
کراچی سمیت ملک کے 7 شہروں میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 10 فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔ حیدرآباد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 14 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 12 فیصد اور راولپنڈی میں 10.26 فیصد ہو گئی۔مظفر آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 21 اور پشاور میں 11 فیصد کے قریب ہے۔ڈی ایچ او کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.86 تھی اور اسلام آباد میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 702 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔اسلام آباد میں گزشتہ روز 24 گھنٹے کے دوران 479 مثبت کیسز سامنے آئے تھے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسلام آباد میں 5 ہزار 948 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔