راولپنڈی (نیوز ڈیسک )معروف گڑیا باربی کو اب ڈاؤن سنڈروم کے ساتھ متعارف کرادیا گیا ہے تاکہ بچے اس بیماری سے متعلق مزید جان سکیں۔معروف امریکی کھلونوں کی کمپنی میٹل کی جانب سے ڈاؤن سنڈروم والی باربی ڈول پیش کی گئی ہے جسے کمپنی نے یو ایس نیشنل ڈاؤن سنڈروم سوسائٹی اور میڈیکل ایکسپرٹس کی شراکت سے بنایا تاکہ یہ گڑیا ان بچوں کی طرح دکھائی دے جو اس بیماری کا شکار ہوتے ہیں۔ڈاؤن سنڈروم والی باربی ڈول کی بناوٹ پر بات کی جائے تو اسے کے چہرے کو بیماری میں مبتلا افراد کی طرح بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔باربی کا چہرہ بالکل گول ہے، کان چھوٹے جب کہ آنکھیں باہر کو نکلی ہوئی اور اوپر اٹھی ہوئی ہیں، اس باربی کو سفید رنگ کے کپڑے پہنائے گئے ہیں جس پر پیلے اور نیلے رنگ کے پھول ہیں۔اس باربی کا جسم بھی قدرے پھولا ہوا ہے، اس باربی نے گلابی رنگ کا ہار بھی پہنا ہوا ہے جس کا ڈیزائن 21ویں کروموسوم کی نمائندگی کرتا ہے، باربی نے گلابی رنگ کا آرتھوٹکس بھی پہنا ہے جو ڈاؤن سنڈروم والے کچھ بچے استعمال کرتے ہیں۔
آرتھوٹکس پیروں اور ٹخنوں کو سہارا دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔کمپنی نے بتایا کہ انہوں نے اس گڑیا کو اسی لیے بنایا تاکہ اس بیماری میں مبتلا بچے باربی ڈولز کو دیکھ کر احساس محرومی کا شکار نہ ہوں۔برطانوی ماڈل ایلی گولڈ اسٹین جو خود ڈاؤن سنڈروم کا شکار ہیں، انہوں نے انسٹاگرام پر اس باربی کے ساتھ فوٹو شوٹ پوسٹ کیا۔ماڈل نے بتایا کہ میں اس مخصوص گڑیا کو دیکھنے کے بعد کافی جذباتی ہوگئی تھی۔ایلی گولڈ اسٹین نے کہا ’میں بہت خوش ہوں کہ اب ڈاؤن سنڈروم باربی گڑیا بھی آگئی ہے، جب میں نے باربی کو دیکھا تو مجھے فخر محسوس ہوا اور جذباتی ہوگئی تھی’۔انہوں نے لکھا ‘یہ میرے لیے اس لیے بہت خاص ہے کیونکہ دیگر بچے اس سے کھیل سکتے ہیں اور سیکھیں گے کہ ہر انسان مختلف ہوتا ہے ’۔