اسلام آ باد (نیوزڈیسک)وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر سخت تنقید کی ہے۔خواجہ آصف نے کہا چھوٹے انسان کو بڑا عہدہ مل جائے تو اس کی اوقات نہیں بدلتی، یہ شخص وزیراعظم رہا ہے، اپنے محسنوں سے لے کر سرکاری افسروں اور خواتین تک کو گالیاں اور دھمکیاں دیتا ہے۔دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے عمران خان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا بغاوت اور نفرت انگیزی پھیلانے پر پیمرا عمران خان کے خلاف ایکشن لے، فارن ایجنٹ اور سیاسی دہشتگرد کو ٹی وی پر دکھانا بند کیاجائے۔واضح رہے کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خطاب براہ راست دکھانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اپنی تقریروں میں اداروں پر مسلسل بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں اور نفرت انگیزی پھیلا رہے ہیں، عمران خان اپنی تقریروں میں مسلسل اداروں اور افسران کے خلاف اکسا رہے ہیں۔.