پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے چار گولیاں لگی ہیں، میں ٹھیک ہونے پر پھر اسلام آباد کی کال دوں گا، جب تک تین لوگ استعفیٰ نہیں دیتے عوام ملک بھر میں احتجاج جاری رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک یہ تین لوگ استعفی نہیں دیں گے تب تک مجھ پرقاتلانہ حملے کی ٹھیک تفتیش نہیں ہو سکتی۔ اللّٰہ نے مجھے نئی زندگی اور نیا عزم دیا ہے کہ میں آپ کی خدمت کروں۔پی ٹی آئی کا لانگ مارچ عمران خان کی صحتیابی تک ملتوی کردیا گیا۔لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو حملہ کیا گیا اس کی تفصیلات بعد میں بتاؤں گا، ان لوگوں نے وزیرآباد یا گجرات میں مجھے مارنے کا پلان کیا ہوا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ 4 لوگوں نے بند کمرے میں مجھے مروانے کا فیصلہ کیا، میں نے ویڈیو بنائی ہوئی ہے جس میں بتا دیا ہے کہ وہ لوگ کون ہیں؟، میں نے ان کا پلان 24 ستمبر کو جلسے میں رکھا تھا، مجھے اندر سے لوگوں نے بتایا مجھے مارنے کا پلان بنایا گیا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ وزیر آباد میں مارنے کیلئے مجھے تین لوگوں نے پلان بنایا تھا، یہ بندہ اکیلا نہیں ہے اس کے ساتھ اور لوگ بھی ملوث ہیں، ہم نے ایف آئی آر رجسٹر کرنے کی کوشش کی ہے لیکن سب ڈرتے ہیں۔