پاکستان نے بنگلا دیش کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دیدی

پاکستان دلچسپ مقابلے کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز و آٹھ رنز سے کامیاب، سیریز کلین سوئپ

ساجد خان میچ میں بارہ وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ قرار

عابد علی یک سنچری سمیت 263 رنز بناکرمین آ ف دی سیریز قرار پائے

پاکستان نے ساجد خان کی تباہ کن باولنگ کی بدولت دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد  بنگادیش کو ایک اننگز اور آٹھ رنز سے شکست دے کر  ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سوئپ کرلیا۔ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز بنگلہ دیش نے 76 رنز 7 کھلاڑی آوٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو پاکستان کو میزبان ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی۔ساجد خان کی شاندار باولنگ کے سامنے کسی بنگلہ دیشی کھلاڑی کا بس نہ چلا اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ساجد خان نے 42 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کیں۔بنگلہ دیش نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی جوڑی نے بنگلہ دیشی صفوں میں کھلبلی مچا دی اور ابتدائی 4 بلے باز 25 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔اس کے بعد مشفیق الرحیم اور لٹن داس نے ٹیم کو سہارا دیا اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 98 رنز تک پہنچایا۔اس موقع پر لٹن داس کی اننگز اختتام کو پہنچی اور وہ 45 رنز بنانے کے بعد ساجد خان کا شکار بنے۔تجربہ کار آل رانڈر شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے ٹیم کو شکست سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس کے بعد مشفیق الرحیم کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی اور وہ 48 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ایک ایسے موقع پر جب میچ پاکستان کے حق میں جاتا ہوا دکھائی دے رہا تھا، مہدی حسن میراز نے شکیب کا بھرپور ساتھ نبھایا اور ٹیم کو شکست سے بچانے کی اپنے تئیں پوری کوشش کرتے ہوئے شکیب کے ساتھ 51 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔تمام تر کوششوں کے باوجود جب وکٹ نہ مل سکی تو بابر اعظم نے خود باولنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا اور دوسری ہی گیند پر بابر نے 14 رنز بنانے والے مہدی کو چلتا کر کے پہلی انٹرنیشنل وکٹ حاصل کر لی۔پاکستان کی فتح کے سامنے دیوار بننے والے شکیب الحسن کی ہمت بھی 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد جواب دے گئی اور ساجد خان نے انہیں بولڈ کیا۔اس کے بعد پاکستان کے فتح کے امکانات بہت روشن ہوگئے اور اسے میچ جیتنے کے ساتھ کلین سوئپ کرنے کے لیے مزید دو وکٹیں درکار تھیں اور آف اسپنر نے اس مرتبہ بھی ٹیم کو مایوس نہ کرتے ہوئے دونوں وکٹیں دلا کر شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 205 بنا کر آوٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ میں اننگز اور 8رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔ساجد خان نے دوسری اننگز میں 4 اور میچ میں مجموعی طور پر 12 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے 2، 2 جبکہ بابر اعظم نے ایک وکٹ حاصل کی۔شاندار بالنگ پر ساجد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ عابد علی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔جنہوں نے میچ میں ایک سیچری سمیت 263 رنز بنائے،یاد رہے کہ پاکستان کی یہ فتح اس لحاظ سے شاندار ہے کہ بارش کے سبب میچ کے ابتدائی تین دن صرف 67.2اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا۔واضح رہے کہ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 300 رنز 4 کھلاڑی آوٹ پر ڈکلیئر کردی تھی جبکہ کھیل کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنائے تھے۔ بدھ کو کھیل کے آخری روز بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو اسے فالو آن سے بچنے کے لیے 101 تک پہنچنے کی ضرورت تھی لیکن بنگال ٹائیگرز اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 11 رنز کا ہی اضافہ کر سکے۔ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی نے صرف چھ اوورز میں ہی بنگلہ دیش کے باقی تین بلے بازوں کو بھی پویلین لی راہ دکھا دی، اس طرح میزبان ٹیم 213 رنز کے خسارے سے فالو آن کا شکار ہو گئی۔اسپنر ساجد خان، جنہوں نے گزشتہ روز شاندار بالنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں، آج بھی شاندار بالنگ کا تسلسل برقرار رکھا اور اپنے پہلے ہی اوور میں تیج الاسلام کو نشانہ بنایا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے اگلے اوور میں خالد احمد کو بھی صفر پر بولڈ کردیا۔شکیب الحسن آوٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ 33 رنز بنانے کے بعد ساجد خان کی گیند پر اظہر علی کو کیچ تھما بیٹھے۔پاکستان نے چٹاگانگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی،  اسطرح پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ آٹھ رنز اور اننگز سے جیت کر سیریز بھی جیت لی.

Comments (0)
Add Comment