ٹوئٹر میں ایک نئے فیچر ویو کاؤنٹ کو متعارف کرایا گیا ہے۔یہ فیچر اس وقت کچھ اکاؤنٹس کو دستیاب ہے جس کی مدد سے صارفین یہ جان سکیں گے کہ ان کی ٹوئٹ کو کتنی بار دیکھا گیا۔ یہ بالکل ویڈیوز ویو کاؤنٹ سے ملتا جلتا فیچر ہے۔اس فیچر کے بارے میں سب سے پہلے ایلون مسک نے 9 دسمبر کو بتاتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ چند ہفتوں میں یہ صارفین کو دستیاب ہوگا۔اب اسے باضابطہ طور پر متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ویسے صارفین پہلے بھی ٹوئٹر اینالیٹکس کے ذریعے یہ جان سکتے تھے کہ ٹوئٹس کو کتنی بار دیکھا گیا مگر اس کے لیے ایک مخصوص بٹن پر کلک کرنا ہوتا تھا۔مگر اس نئی اپ ڈیٹ سے یہ جاننا زیادہ آسان ہوجائے گا۔اس نئے فیچر سے لوگوں کو اندازہ ہوسکے گا کہ ان کی ٹوئٹ کتنی مقبول ثابت ہوئی۔