واٹس ایپ استعمال کرنے والا ہر فرد روزانہ کئی پیغامات بھیجتا ہے، مگر کئی بار جلد بازی میں میسج بھیجنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہے۔ایسا ہونے پر میسج کو ڈیلیٹ کرنا پڑتا ہے کیونکہ کوئی اور آپشن دستیاب نہیں ہوتا۔مگر واٹس ایپ میں بہت جلد ایسا فیچر متعارف ہونے والا ہے جو اس مسئلے کا حل ثابت ہوگا۔واٹس ایپ کی جانب سے ایک سال پہلے میسج کو ایڈٹ کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کی گئی تھی مگر پھر اس پر کام روک دیا گیا تھا۔اب WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی آئی او ایس ایپ کے بیٹا ورژن میں اس فیچر کا اشارہ دیا گیا ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اسے بہت جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے تحت کسی میسج کو بھیجنے کے بعد اسے 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کرنا ممکن ہوگا۔جب کوئی میسج ایڈٹ کیا جائے گا تو وقت کے ساتھ ایک لیبل کے ذریعے اس میں تبدیلی کو واضح کیا جائے گا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس فیچر سے صرف ٹیکسٹ میسجز میں تبدیلی ممکن ہوگی، تصاویر اور ویڈیوز میں دیے جانے والے کیپشنز کو بدلنا ممکن نہیں ہوگا۔ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ فیچر کب تک صارفین کو دستیاب ہوسکتا ہے مگر امید ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔