ناسا کا چاند کی طرف خلائی مشن 16 نومبر کو روانہ کرنے کا اعلان

خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا نے چاند کی طرف خلائی مشن 16 نومبر کو روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ناسا کے عہدیدار جم فری نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ آرٹیمس ۔1 کی روانگی سمندری طوفان نکول کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی تھی۔ کیٹگری ون کا یہ طوفان جمعرات کو فلوریڈا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا تھا اور اس کے زیر اثر علاقوں میں موسم اب بھی خراب ہے۔جم فری کے مطابق سپیس لانچ سسٹم راکٹ اور اورین کیپسول کو پیر کو روانگی کے لئے کینیڈی سپیس سینٹر کے لانچ پیڈ پر منتقل کر دیا گیا تھا اور سمندری طوفان کے دوران بھی اسے وہیں رکھا گیا۔انہوں نے بتایا کہ طوفان کے دوران ہواﺅں کی زیادہ سے زیدہ رفتار 85 میل فی گھنٹہ رہنے کی توقع تھی تاہم یہ رفتار 100 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی جس سے سپیس لانچ سسٹم راکٹ اور اورین کیپسول کو معمولی نقصان پہنچا ہے جسے بہت جلد دور کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آرٹیمس ۔1 ناسا کے ڈیپ سپیس ایکسپلوریشن سسٹم کی تین تجرباتی پروازوں میں سے ایک ہے ۔ جم فری کے مطابق 16 نومبر کو کامیابی سے روانگی کی صورت میں خلائی مشن 25 یوم تک خلا میں رہے گا اور 21 لاکھ کلومیڑ کا سفر طے کر کے زمین پر واپس آئے گا۔2024 میں آرٹیمس ۔2 مشن کے ذریعے چار خلابازوں کو روانہ کیا جائے گا جو چاند کے گرد مدار میں رہنے کے بعد واپس زمین پر آئیں گے۔ اس کے بعد 2025 میں یا اس کے بعد آرٹیمس ۔3 خلائی مشن کے ذریعے دو خلابازوں کو چاند پر اتارا جائےگا۔ جم فری نے بتایا کہ آرٹیمس ۔1 کی ناکامی کی صورت میں آرٹیمس ۔2 خلائی مشن روانہ نہیں کیا جائےگا۔

چاندخلائی تحقیقخلائی مشنسمندری طوفانناسانکول
Comments (0)
Add Comment