راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) موبائل فونز کے سست ہونے کی کیا وجوہات ہوتی ہیں؟ فون ری پیئرنگ کے ایک ماہر نے لوگوں کے اس سب سے بڑے مسئلے کا بالآخر حل بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ویب سائٹ ’بیک مارکیٹ ڈاٹ کام‘ کے سینئر ریفربشمنٹ آپریشنز منیجر کیوین شیرن کا کہنا ہے کہ موبائل فونز سست ہونے کی سب سے بڑی وجہ ایسی ایپلی کیشنز ہوتی ہیں جو بیک گراﺅنڈ میں چلتی رہتی ہیں اور صارفین اس سے آگاہ نہیں ہوتے۔کیوین شیرن نے بتایا ہے کہ بیٹری ’یوزیج‘ کے آپشن میں جا کر آپ معلوم کر سکتے ہیں کہ کون سی ایپلی کیشن کتنی بیٹری استعمال کر رہی ہے۔ اس سے آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ کون کون سی ایپلی کیشنز بیک گراﺅنڈ میں چلتی رہتی ہیں۔ ایپل صارفین سیٹنگز میں جا کر جنرل کے آپشن میں بیک گراﺅنڈ ایپ ریفریش پر کلک کرکے بیک گراﺅنڈ میں چلنے والی ایپلی کیشنز کو بند کر سکتے ہیں۔اینڈرائیڈ صارفین سیٹنگز میں جا کر ایپس کے آپشن میں مطلوبہ ایپلی کیشن کو کھول کر ’فورس سٹاپ‘ کر سکتے ہیں۔کیوین شیرن نے بتایا کہ اس کے علاوہ اگر آپ کے فون کی سٹوریج 90فیصد سے زیادہ بھر چکی ہے تو یہ بھی اس کی رفتار سست ہونے کی ایک بڑی وجہ ہو سکتی ہے۔کیوین کے مطابق بیٹری کا خراب ہونا موبائل فون کے سست ہونے کی تیسری بڑی وجہ ہے۔ کیوین کا کہنا تھا کہ نئے فون کی بیٹری بھی خراب ہو سکتی ہے، بالخصوص ایسے فون جنہیں بہت زیادہ استعمال کیا جائے۔ ان کی بیٹری بار بار ریچارج ہوتی ہے اور جلد خراب ہو جاتی ہے۔