اسلام آباد ( رپورٹ )
ملک میں عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال -الیکشن کمیشن نےلاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے ان کی جاری ٹریننگ کو روک دیا ہے ۔لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعدپیداشدہ صورتحال پر غور کیلئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا‘ اجلاس میں یہ بات واضح کی گئی کہ الیکشن کمیشن 8 فروری کو انتخابات کرانے کے فیصلے پرقائم ہے‘ تمام تیاریاں مکمل ہیں اور اس ضمن میں تمام اہداف کو بھی مکمل کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں یہ بات بھی واضح کی گئی کہ الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کے اعلان سے پہلے کی تیاریاں مکمل کر چکا ہے ‘اجلاس میں صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا اس حوالے سے آج بعض اہم اقدامات متوقع ہیں ، تاہم الیکشن کمیشن کے ترجمان نے یہ بات واضح کی ہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ جانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن کی طرف اعلان کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ڈی آر اوز اور آر اوز کی تقرری کو چیلنج کرنے اور تقرری کی معطلی سے پیدا صورتحال پر لائحہ عمل طے کیا جائے گا ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس کے دوران انتخابات ملتوی کرانے کے سلسلے میں کمیشن پر الزامات کو الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا ہے اور اس کو عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے ۔