اسلام آباد: ملک بھر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث صنعتیں اور گھریلو صارفین اذیت کا شکار ہیں۔ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ گیس بھی نایاب ہوگئی۔
تفصلات کے مطابق کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور، حافظ آباد، ملتان، میر پور خاص اور دیگر شہروں میں گیس کی قلت کے باعث صنعتکار اور تاجر برادری کے علاوہ گھریلو صارفین بھی پریشانی کا شکار ہیں۔بیشتر شہروں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین کی مشکلات بڑھ گئیں۔ مہنگائی کے طوفان کے پیشِ نظر باہر سے کھانا منگوانا دشوار جبکہ سخت سردی سے نجات کیلئے ہیٹر چلانا مشکل ہوگیا۔
ملک بھر کے صنعتی علاقوں میں گیس کی قلت کے باعث پیداوار متاثر ہوئی۔ کراچی میں صنعتوں کو گیس کی عدم دستیابی پر صنعتکار برادری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطلوبہ مقدار میں گیس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا کا کہنا ہے کہ صنعتکار برادری سرکاری اقدامات سے مطمئن نہیں۔ اگر بر وقت زیادہ ایل این جی کارگوز منگوا لیے جاتے تو گیس کی قلت پیدا نہیں ہوسکتی تھی۔