نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے پاکستان ویمن کرکٹ لیگ میں دلچسپی ظاہر کردی۔ذرائع کے مطابق ملالہ یوسفزئی پاکستان ویمن کرکٹ کے ساتھ جڑنے کی خواہشمند ہیں۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ کے بعد موجودہ بورڈ کی مینجمنٹ سے بھی ملالہ یوسفزئی نے اپنی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے بورڈ سے ویمن لیگ کے تمام عمل کے حوالے سے معلومات لیں اور وہ ویمن لیگ کی ایک ٹیم لینا چاہتی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسفزئی ویمن لیگ کی ٹیموں کے بڈنگ پراسس میں شامل ہوں گی۔گزشتہ سال لاہور آمد کے موقع پر ملالہ یوسفزئی نے ویمن کرکٹرز سے خصوصی طور پر ملاقات کی تھی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ رواں سال ویمن لیگ کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔پاکستان سپر لیگ 8 کے موقع پر ویمن لیگ کے سلسلے میں 3 نمائشی میچز بھی کرائے گئے تھے جن میں 10 غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔