محفوظ سرمایہ کاری


دنیا کی سب سے محفوظ اور بہترین سرمایہ کاری اپنی شخصیت کو بہتر بنانا ہے- یہ نہ صرف محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے بلکہ آپ کے خاندان، معاشرے اور ملک کے لئے بھی سب سے بہترین سرمایہ کاری ہے- بدقسمتی سے ہر قسم کی سرمایہ کاری پر مشورہ دینے کے لئے ہمارے ہاں اکانومسٹ ، بلڈرز ، پراپرٹی ڈیلر موجود ہیں لیکن شخصی سرمایہ کاری قابل توجہ نھیں سمجھی جاتی- معاشروں کے زوال کی کہانی اسی جمود سے ظہور پزیر ہوتی ہے-
سرمایہ کاری کا خیال آتے ہی سیدھا ذھن کسی ھاؤسنگ سوسائٹی ، پلازہ ، نئے گھر یا پیسے کی طرف جاتا ہے – ھمارے ہاں سر مایہ کاری کا واحد مطلب اثاثوں میں اضافہ ہے تاکہ آنے والے وقت میں ھمیں معاشی تنگدستی نہ ہو- معیشت انسانی زندگی کا صرف ایک پہلو ہے – ایک پرسکون اور مطمئن زندگی گزارنے کے لئے پر اثر اور بہتر شخصیت بہت اہم کردار ادا کرتی ہے- مشہور کہاوت ہے کہ ” جو بوؤ گے، وھی کاٹو گے”۔ یہ دراصل اپنے اوپر سرمایہ کاری کی بہترین مثال ہے- اگر آج ھم اپنے آپ میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے تو تب کہیں مسقبل کے حالات کا مقابلہ کر سکیں گے-
اچھے معاشی حالات کے ساتھ ساتھ، اچھی صحت، اچھا اخلاق، بردباری، تحمل، فرض شناسی، وقت کی پابندی، وہ اوصاف ہیں جو کامیاب زندگی کی ضمانت ہیں- قدرت کا ناپ تول کا پیمانہ بہت ٹھیک ٹھیک کام کرتا ہے- قدرت کی انصاف کرنے والی چھلنی بھی بہت باریک ہے، اس میں سے فریب، جھوٹ اور بے ربط زندگی پار نھی ہو سکتی-
معمول کی زندگی میں ہم ہر امتحان میں پاس ھونے کے لئے محنت کرتے ہیں ، اچھا دکھنے کے لئے قیمتی کپڑے پہنتے ہیں ، رھنے کے لئے گھر خریدتے ہیں ، سفری سہولت کے لئے اچھی کار خریدتے ہیں – البتہ شخصیت میں بہتری کے لئے کسی منصوبے پر کام نھیں کرتے – اپنی صحت، اخلاق ، علم، بات چیت کا طریقہ ، حسن سلوک کی بہتری کے لئے کوشش نھیں کرتے -پچیس سال کی عمر میں جس شخصیت کے مالک ہوتے ہیں کھینچ تان کر اسی کو پچاس تک لے جاتے ہیں – کیا یہ ممکن ہے کہ جس مشین کی نگہداشت نہ کی جائے وہ ساٹھ ، ستر سال تک کار آمد رہے-ھماری بات چیت، خوشی غصہ، دوسروں سے ملنا جلنا ، تعلیم بہتر ہونے کی بجائے ابتری کا شکار ہوتی چلی جاتی ہے-اور بالاخر شخصیت اس طرح ملیا میٹ ہو جاتی ہے کہ ارد گرد بھی اس کی لپٹ میں آ جاتا ہے- ہمیں اپنے آپ کوبہتر اور پر اثر بنانے پر سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ یہ سرمایہ کاری جب آھستہ آھستہ ایک مضبوط اور توانا شخصیت کی شکل میں جب نتیجہ آور ھو گی تو آپ سمیت پورے معاشرے کو فیضیاب کرے گی -قدرت نے اگر کسی کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ھے پھر بھی اپنے آپ کو نظم و ضبط اور دور اندیشی جیسی قائدانہ صلاحیتوں کامجموعہ بنانا کے لئے محنت کرنا ھوتی ھے- سیکھنے کی لگن
پہلے سے موجود مہارتوں کو بھی چار چاند لگا دیتی ھے- دنیا میں جتنے بھی لیڈر، مفکر، دانا گزرے ہیں جنہوں نے قوموں کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ان سب نے اپنے اوپر سرمایہ کاری کی – دوسروں کی زندگیوں کو تبدیل کرنے کے لئے ایک ایسی پر اثر شخصیت درکار ھوتی ہے جو بیک وقت ذھنی طور پر مستعد ھو، دلیر ھو اور جسے حالات کا پورا ادراک ہو اور جس کے دل میں دوسروں کا درد سمجھنے کی استطاعت ہو-

سرمایہ کاری
Comments (0)
Add Comment