امریکہ، برطانیہ، جرمنی، سعودی عرب، کینیڈا سمیت دیگر ممالک نے عمران خان پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی ہے۔سعودی عرب نے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق سعودی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مملکت، پاکستان کے امن و استحکام اور اس کے ترقیاتی عمل کو مخدوش کرنے والی ہر سرگرمی کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ ہے۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے بیان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ عمران خان کی ریلی میں فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو پرامن رہنما چاہئے۔ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ نٹونی بلنکن نے جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین سے بھی افسوس کا اظہارکیا ہے۔ترجمان وائٹ ہائوس نے بھی عمران خان پر حملے کی مذمت کی ہے۔ امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے بھی عمران خان پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کےلئے دعا کی ہے۔