لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئر مین نیب جاوید اقبال کیخلاف مبینہ ویڈیو سامنے والی خاتون طیبہ گل کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نےمیری ویڈیوز اپنے نیب کیسز بند کروانے کیلئے استعمال کیں ،یہ ویڈیوز عمران خان نے اعظم خان سے حاصل کیں۔ نجی ٹی وی "سماء "سے گفتگو کرتے ہوئے طیبہ گل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے میری ویڈیوز کے ذریعے چیئر مین نیب جاوید اقبال کو بلیک میل کیا،میں نے اپنی ویڈیوز اعظم خان کو کیس کے شواہد کے طور پر دی تھیں ، میں نے جب سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں اپنے متعلق کیس کے بارے میں بتایا تو انہوں نے مجھ سے میری مزید ویڈیوز مانگی تھیں، تاکہ وہ کیس کی انکوائری کروا سکیں لیکن ایسا نہیں ہوا تھا اس لیے میں نے مزید کوئی بھی ثبوت انہیں نہیں دیا ،میری ویڈیوز سے سب سے زیادہ فائدہ تحریک انصاف نے اٹھایا تھا۔
متاثرہ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ریاست مدینہ کے دعوؤں کے باعث وزیر اعظم پورٹل پر چیئر مین نیب کیخلاف اپنی شکایت درج کی تھی اور بطور ثبوت مختلف ویڈیوز کے سکرین شاٹ اور آڈیوز بھی ساتھ منسلک کی تھیں، 10مئی کو میں نے شکایت درج کی تھی اور 13مئی سے میرے ساتھ رابطے شروع کر دیئے گئے تھےاور 23مئی کو یہ ویڈیو آن ایئر کر دی گئیں ،جب ویڈیوز آن ایئر ہو گئیں اس کے بعد مجھے پتا چلا کہ میری ویڈیوز آن ایئر ہو چکی ہیں جبکہ میں ان ویڈیوز کو اس طرح عام نہیں کرنا چاہتی تھی اور پھر ان ویڈیوز کی تردید بھی چلا دی گئی جبکہ مجھ سے پوچھا تک نہیں گیا۔
مجھے ویڈیوز بنانے کی ضرورت اس وقت پیش آئی جب دیکھا کہ چیئر مین نیب اپنی حدود کراس کر رہے ہیں اور میرے منع کرنے کے باوجود مجھے حراس کر رہے ہیں اور میں نے کل پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی )میں بھی وہ ویڈیو دکھائی جس میں چیئر مین نیب نے مجھ سے کہا کہ اگر میں کسی اور آفس میں نظر آئی تو میرے جسم کے ٹکرے ہی جھنگ جائیں گے ،میں نے ان کو ایکسپوز کرنے کیلئے یہ ویڈیوز بنائیں۔ میں نے ان کو یہ کہا بھی تھا کہ اگر وہ مجھے مزید تھریٹ کرنے سے باز نہ آئے تو میں یہ ویڈیوز آن ایئر کر دوں گی لیکن انہوں نے ڈرنے کے بجائے کہا کہ میں چیئر مین نیب ہوں اور طاقتور ہو ں،چیئر مین نیب نے کوئی کسر نہیں چھوڑی اپنی طاقت استعمال کرنے میں مجھے ابھی تک تھریٹس ہیں ، میری گاڑی پر جھنگ میں فائرنگ کی گئی ،نیب نے مجھ پر مختلف طریقوں سے پریشر ڈالا ۔
نیب لاہور کی ٹیم صرف اسی لیے رکھی گئی ہے کہ لوگوں کو پریشرائز کیا جائے اور ان کی عزتیں اچھالی جائیں ،اس میں ڈی جی نیب شہزاد سلیم اور نوازش بھی شامل تھے۔