عمران خان نے مسئلہ کشمیر ہر عالمی فورم پر اٹھا یا وزیر اعظم آزاد کشمیر 

اسلام آباد (انٹرویو۔ اعظم گِل) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دنیا کے سامنے ڈٹ کر کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت آزادی کے بیس کیمپ کو متحرک کرکے تحریک آزادی کو مزید تقویت دے گی۔ گزشتہ تین سالوں میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہر عالمی فورم پر بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر اٹھایا اور کشمیریوں کی موثر نمائندگی کی۔ آزاد کشمیر حکومت تحریک آزادی کو مضبوط کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ مودی سرکار طاقت کے زور پر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکتی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی انتہا پسند حکومت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 5اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کر دی اور عوامی احتجاج کے خوف سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر دیا اور یہ محاصرہ اب بھی جاری ہے۔ حکومت پاکستان نے بھارت کے اس غیر آئینی اقدام کے خلاف موثر انداز میں آواز اٹھائی اور اس کی قابض افواج کے مظالم کے خلاف قومی اور بین الاقوامی سطح پر صدائے احتجاج بلند کی گئی۔ حکومت پاکستان اور حکومت آزادکشمیر نے ہر فورم پر اس کو اٹھایا۔ آج دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے۔ مسئلہ کشمیر عالمی برادری کا بھی مسئلہ ہے اس لیے اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت جملہ عالمی اداروں کو اس دیرینہ مسئلے کے حل میں کردار ادا کرنا ہو گا۔ مسئلہ کشمیر حل ہو گا تو خطے میں امن کا قیام ممکن ہو سکے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں بھارت سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں نے طویل اور ان مٹ قربانیاں دی ہیں۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کو کشمیریوں کا حق خود ارادیت دینا پڑے گا۔ سردار عبدالقیوم خان نیازی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے۔کشمیریوں کو پاکستان کی خارجہ پالیسی پر پورا اعتماد ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان ہی دنیا میں ہمارا اکلوتا وکیل ہے جس نے ہر فورم پر محکوم کشمیریوں کی آواز بلند کی ہے۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہش مند ہے جبکہ ہندوستان اس خطے میں دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ ہے۔اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

تحریک انصافسردار عبدالقیوم خان نیازیعمران خانوزیر اعظم آزاد کشمیر
Comments (0)
Add Comment