صحافی و اینکر پرسن عمران ریاض خان کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا ہے۔عمران ریاض خان کے وکیل میاں علی اشفاق نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران ریاض کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کرلیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمران ریاض کو لاہور ائیر پورٹ سے حراست میں لیا گیا، ان پر درج مقدمے کی تفصیل نہیں بتائی جا رہیں۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی گرفتاری خلاف قانون ہے، عدالتی فورم پر مقابلہ کریں گے۔قبل ازیں یہ اطلاعات زیر گردش تھیں کہ عمران ریاض خان گزشتہ شب بیرون ملک جانے کے لیے لاہور ائرپورٹ پہنچے تھے جہاں انہیں بورڈنگ سے روک دیا گیا۔دریں اثنا عمران ریاض کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’میں نے آفر کی ہے کہ اگر کسی مقدمے میں میری گرفتاری چاہیے تو ایف آئی اے کو بلوا لیں، ان شا اللہ مایوس نہیں کروں گا ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ ’فل الحال ایف آئی اے نے انتظار کا کہا ہے اور طاقتور لوگوں کو جگا کر مشورہ کیا جا رہا ہے کہ اب کیا کرنا ہے؟‘بعدازاں عمران ریاض خان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے دعویٰ کیا گیا کہ ’مجھے گرفتار کیا جائے گا‘۔اس ٹوئٹ کے چند گھنٹوں بعد عمران ریاض خان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی ایک اور ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ’عمران ریاض خان کو ایف آئی اے نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے.