بچپن میں ہم سبزیاں کھانے سے کتراتے ہیں لیکن جیسے جیسے ہماری عمر بڑھتی ہے ہمیں یہ بات سمجھ آجاتی ہے کہ سبزیاں کھانا صحت مند اور فعال رہنے کے لیے انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ایک نئی تحقیق میں یہ معلوم ہوا ہے کہ کھانوں میں بآسانی استعمال کیے جانے والے سلاد آبی (واٹر کریس) جھریوں کو ختم کرنے، کینسر کے خطرات کو کم کرنے اور دل کی صحت کو بہتر رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔جرنل آف دی امیریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ باقاعدگی سے کروسیفیرس سبزیوں (گوبھی، بند گوبھی اور بروکلی کے خاندان کی سبزیاں) کا کھایا جانا شریانوں کو بند ہونے سے بچاتا ہے۔امیریکن جرنل آف کلینکل نیوٹریشن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ سلاد آبی کینسر کے خطرات بھی کم کرتا ہے۔ محققین نے تحقیق سے اخذ کیا کہ پتوں والی اس سبزی کا استعمال وقت کے ساتھ کینسر کے پنپنے امکانات کو بھی کم کرسکتا ہے۔ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ سلاد آبی کھانے سے جلد بہتر ہوتی ہے۔ تحقیق میں 23 سے 58 سال کے درمیان 11 خواتین کی روزانہ کی غذا میں چار ہفتوں تک 80 گرام سلاد آبی کا اضافہ کیا گیا۔ چار ہفتوں بعد 11 میں سے 10 خواتین کی جِلد میں بہتری دیکھی گئی۔