سعودی عرب میں کھلی آنکھ سے سورج کو دیکھنے والا40 سالہ شخص بینائی سے محروم ہو گیا ۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق جدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آنکھوں کی معالج ڈاکٹر خدیجہ العطاس نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ایک 40 سالہ مریض میرے پاس آیا اور وہ اپنے مسئلے کے بارے میں شرماتے ہوئے بات کر رہا تھا۔ اس کے بقول جب اس نے دو منٹ سے بھی کم وقت تک سورج کی طرف دیکھا تو اسے ایسا محسوس ہوا جیسے کوئی بلب پھٹ گیا ہو اور اسے اپنی آنکھ میں ایک چمک سی محسوس ہوئی، جس کے بعد وہ نگاہوں کے عین سامنے کے منظر کو دیکھنے کے قابل نہیں رہا تھا۔ڈاکٹر نے وضاحت کی کہ مریض کے معائنے کے بعد مجھے پتا چلا کہ بینائی کے مرکز میں ریٹینوپیتھی اور جلن ہے اور بدقسمتی سے اس عارضے کا کوئی علاج نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے گرہن ہو یا نہ ہو ، کسی بھی حالت میں سورج کی جانب دیکھنا بینائی کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سورج کی جانب دیکھنے سے ریٹینوپیتھی اور آنکھ کی پتلی میں جلن پیدا ہو جاتی ہے اور یہ چیز سائنسی طور پر ثابت ہو چکی ہے۔