قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ میرا ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، آپ کو میری عمر کی بجائے کارکردگی کو مدِ نظر رکھنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق اپنے ایک انٹرویو کے دوران کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ کھلاڑیوں کی عمر کو نظر انداز کرنے کا جواز نہیں بنانا چاہئے۔ اگر کسی نے ملک کیلئے طویل عرصے تک خدمات انجام دی ہوں تو اس کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ میں اپنی بات نہیں کر رہا، لیکن تجربے سے استفادہ کرنے کا فائدہ ہوتا ہے۔ میں نے دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کیا ہے۔ بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ ہمارے کلچر میں عدم تحفظ عام ہوتا جارہا ہے۔آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کو یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ کوئی آپ کی جگہ چھین سکتا ہے۔ اپنی صلاحیت پر یقین رکھیں۔ مجھے بڑے کھلاڑیوں نے بھی یہی سکھایا۔ اپنی کرکٹ انجوائے کر رہا ہوں۔ فی الحال ریٹائرمنٹ کی سوچ بالکل نہیں۔شعیب ملک نے کہا کہ میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کو چھوڑ کر دور دراز کی لیگز میں حصہ نہیں لے رہا۔ جب مجھے محسوس ہوا کہ ٹیم پر بوجھ ہوں تو کھیل کو خوشی سے چھوڑ دوں گا۔بطور مبصر ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔