دنیا بھر میں کاشت کیے جانے والے 1200 سے زیادہ اقسام کے تربوز میں سے ایک ڈینسک قسم کا تربوز نہایت ہی مہنگا اور بہت ہی پسند کیا جاتا ہے۔
اس تربوز کی کاشت محدود پیمانے پر صرف شمالی جاپان کے جزیرہ ہوکائیڈو میں ہی کی جاتی ہے اور صرف 100 کے قریب تربوز ہر سال سامنے آتے ہیں۔
ڈینسک دنیا کا نایاب ترین تربوز مانا جاتا ہے اور یہ ایسا پھل نہیں کہ جس کے بارے میں آپ توقع کریں کہ یہ مارکیٹ یا گروسری شاپ میں دستیاب ہوگا، بلکہ اس کے چند دانے ہر سال نیلام کے لیے آتے ہیں اور بہت زیادہ بولی دینے والے اسے خرید کر لے جاتے ہیں۔
اس کی قیمت سیکڑوں سے لیکر ہزاروں ڈالر کے مساوی ہوتی ہے۔ 2019 میں تاریخ کا سب سے مہنگا ڈینسک تربوز 6 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوا تھا۔
تاہم گزشتہ دو برسوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے اس کی قیمت میں کمی آئی ہے، لیکن اب بھی یہ سیاہ واٹر میلن یا تربوز انتہائی مہنگے داموں فروخت ہوتا ہے۔