پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ’جو ہمارے ساتھ ہوا ہے نہیں چاہتا ہوں کہ وہ کسی اور کے ساتھ ہو، بابر اعظم اچھی کپتانی کررہے ہیں اور انہیں آگے بھی کرنی چاہیے۔سرفراز احمد نے یوٹیوبر نادر علی کو انٹرویو کے دیتے ہوئے بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ بابر اعظم بہت اچھی کپتانی کررہے ہیں اور انہیں آگے بھی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، بابر اعظم میں بطور کپتان کافی بہتری آرہی ہے ، انسان غلطی کرتا ہے توسیکھتا ہے، لیکن پاکستان میں غلطی کرنا گناہ ہوجاتا ہے، غلط فیصلے کرنے پر ایک شخص کو قصور وار سمجھا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اور کپتان بننے میں وقت لگتا ہے، ہمارے ساتھ جو ہوا، نہیں چاہتے کہ کسی اور کے ساتھ بھی ویسا ہو، سرفراز احمد نے بابر اعظم کو مشورہ دیا کہ وہ کھلاڑیوں کے ساتھ اچھی بات چیت کریں تاکہ کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو اور وہ اچھا پرفارم کریں۔