ایران سے تعلق رکھنے والے افشین اسماعیل غدیرزادہ کو دنیا کا سب سے چھوٹا آدمی قرار دے دیا گیا۔ صوبے مغربی آزربائیجان کی بوکان کاؤنٹی کے گاؤں میں پیدا ہونے والے افشین اسماعیل کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان کا قد 65 اعشاریہ 24 سینٹی میٹر ناپا گیا ہے جبکہ ان کا وزن 6 کلوگرام ہے۔ ان سے قبل دنیا کے سب سے چھوٹے آدمی کا اعزاز جنوبی امریکی ملک کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ایڈورڈ نینو ہرنینڈز کے پاس تھا۔گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے حکام کی جانب سے افشین اسماعیل غدیرزادہ کو دبئی کے میڈیا سٹی کے ایک ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران دنیا کا سب سے چھوٹا آدمی ہونے کا سرٹیفکیٹ بھی دے دیا گیا۔ تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے افشین کا کہنا تھا کہ وہ منفرد اعزاز حاصل کرنے پر انتہائی خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’یہ سب کچھ ایک جادو کی طرح ہے، آپ اگلی صبح اٹھیں، پتہ چلے کہ آپ پوری دنیا میں مشہور ہوچکے ہیں۔افشین کی والدہ نے بتایا کہ جب ان بیٹا پیدا ہوا تو اس کا وزن صرف 700 گرام تھا، بعدازاں ان کی نشونما بھی سست رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بیٹے کی یہ حالت دیکھ کر مایوس ہوئے، لیکن بعد میں خدا کا شکر بھی ادا کیا کہ اس نے انہیں بیٹا عطا کیا۔