انڈیا کے گینگسٹر کا دلی کی ایک عدالت میں قتل، پولیس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی ہلاک

انڈیا کے دارالحکومت دلی کی ایک عدالت میں دو افراد نے انڈیا کے انتہائی مطلوب گینگسٹر جیتندر مان گوگی کو قتل کر دیا ہے۔

دلی کے علاقے روہنی کی ایک عدالت میں دو افراد وکلا کے حلیے میں کمرہ عدالت میں داخل ہوئے اور انھوں نے انڈیا کے گینگسٹر جیتندر مان گوگی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، اس عدالت میں ان کے خلاف کیس کی سماعت ہو رہی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے جوابی فائرنگ کر کے دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کو یہ شک ہے کہ ایک جرائم پیشہ حریف گروہ نے اس حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

جیتندر مان گوگی دلی پولیس کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھے اور وہ دیگر ریاستوں میں قتل، اغوا اور دھوکہ دہی سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔

اس واقعے نے دلی کی عدالتوں کے سکیورٹی نظام پر متعدد سوالات کو جنم دیا ہے۔ ایک سینیئر سیاستدان کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے سکیورٹی پلاننگ میں سنگین ناکامی کی نشاندہی کی ہے۔

واضح رہے کہ جیتندر مان گوگی کو قتل اور بھتہ خوری کے الزام میں گذشتہ سال مارچ میں دلی سے گرفتار کیا گیا تھا۔

انڈیاجیتندر ماندلیقتلگینگسٹر
Comments (0)
Add Comment