ماہ رمضان المبارک میں افطار کے وقت کھجور کا استعمال اس کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، کھجور ایک بابرکت اور لذیذ پھل ہے، اس میں بے پناہ توانائی پوشیدہ ہے۔دن بھر بھوکا پیاسا رہنے سے روزہ دار کے جسم میں توانائی کم ہوجاتی ہے جسے پورا کرنے میں اس کا اہم کردار ہے، طبی ماہرین بھی اس کے استعمال کو سود مند قرار دیتے ہیں۔مسلمان روزہ کھجور کے ساتھ ہی افطار کرنے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ یہ ہمارے پیارے نبی کا پسندیدہ پھل اور سنت ہے، کھجور رمضان المبارک میں استعمال ہونے والا سب سے پسندیدہ پھل ہے۔شیریں ، خوش ذائقہ، ذود ہضم اور توانائی سے بھرپور پھل کھجور کا استعمال رمضان المبارک میں کثرت سے کیا جاتا ہے، غذائیت اور کیلوریز سے بھی بھرپور ہونے کے باعث طبی ماہرین نے افطاری کے ساتھ ساتھ سحری میں بھی کھجور کے استعمال کو انتہائی مفید قرار دیتے ہیں کیونکہ یہ روزہ داروں کو دن بھرتوانا رکھتا ہے۔یوں تو کھجور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں پیدا ہوتی ہے تاہم مقامات مقدسہ کی قربت کی وجہ سے سعودی عرب میں پیدا ہونے والی کھجوروں کو دنیا بھر کے مسلمان عقیدت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور جولوگ حج یا عمرہ کی نیت سے حجاز مقدس جاتے ہیں وہ اپنے ساتھ کھجور کا تحفہ ساتھ لانا نہیں بھولتے۔سعودی عرب میں کھجور کی لگ بھگ سو سے زائد قسمیں پائی جاتی ہیں، ایک دور میں پوری مملکت میں سب سے زیادہ کھجور کی پیداوار کاشرف مدینہ منور کو حاصل تھا، لیکن اب دیگر علاقوں میں بھی کھجور وافرمقدار میں پیدا ہوتی ہے۔کھجوروں میں چند مقبول نام عجوہ، برہی، خلص، خضری، مجدولہ، نبوت، سیف، سقی اور سکری ہیں۔آئیے جانتے ہیں کہ کھجور میں کون سے اجزاء شامل ہیں جو انسانی جسم کو تندرست رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔کھجور میں شامل میگنیشیئم بلڈ پریشر کم کرتا ہے، پٹھوں،اعصاب اور شریانوں کو پرسکون رکھتا ہے،ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے، پھیپھڑے کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتا ہے اور اس میں موجود تانبے کے ساتھ مل کر ہائپرٹینشن اور دل کی دھڑکن کو قابو میں رکھتا ہے۔کیلشیئم جو کھجور کا ایک اہم جزو ہے،یہ عضلات ، شریان اور اعصاب کو پھیلاتا ہے ہڈیوں کی تعمیر کرتا ہے اور ہڈیوں کے بھر بھرے پن کی بیماری اوسٹیوپورویس سے بچاتا ہے۔کھجور میں موجود پوٹاشیم دل کے پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے، بھوک بڑھاتا ہے، پٹھوں کی اکڑن سے بچاتا ہے،ہڈیوں کے ڈھانچے کو بہتر کرتا ہے اور کینسر کا خطرہ گھٹاتا ہے،اس پھل میں شامل فاسفورس دانتوں اور ہڈیوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔کھجور میں شامل آئرن اس کا اہم حصہ ہے جو وٹامن بی ٹو اور کاپر کے ساتھ مل کر خون کے سرخ خلیات کی تعمیر میں مددکرتا ہے، بذریعہ خون پٹھوں اور خلیات تک آکسیجن کی فراہمی ممکن بناتا ہے اور بصارت کو بہتر کرتا ہے۔