ہالی ووڈ کے معروف اداکار ول اسمتھ نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ وہ ابتدائی طور پر فلم ‘مین ان بلیک’ نہیں کرنا چاہتے تھے۔
ول اسمتھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسی وقت خلائی مخلوق کی کہانی پر مبنی فلم ‘انڈیپنڈنس ڈے’ کی تھی، اس لیے وہ ‘مین ان بلیک’ نہیں کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر اسٹیون اسپیل برگ نے میرے لیے ہیلی کاپٹر بھیجا، میں نیویارک میں تھا، اسپیل برگ مجھ سے بات کرنا چاہتے تھے۔
ول کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر اسپیل برگ کے گھر پر اترا اور وہ مجھ سے ملنے کیلئے ہیلی پیڈ پر آئے۔
اسپیل برگ نے ول اسمتھ سے کہا کہ مجھے بتاؤ تم میری فلم کیوں نہیں کرنا چاہتے اور یہ پوچھتے ہوئے نہایت بےتکلفی کے ساتھ ول کو چند القابات دیے۔
بعد ازاں ول اسمتھ نے اس فلم کیلئے ہامی بھرلی تھی، انہوں نے ‘مین ان بلیک’ میں ایجنٹ جے کا کردار ادا کیا اور اس کے بعد فلم کے دونوں سیکوئیلز میں بھی کام کیا۔
یہ فلم ول اسمتھ کے کیریئر کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔