4 ماہ میں مکمل کرنے کا اعلان اسلام آباد کو خیبر پختونخوا سے ملانے کا منصوبہ بنالیا گیا ہے، میگا رورل ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت اسلام آباد میں مارگلہ پہاڑیوں کے وسط میں سکندراعظم روڈ کی تعمیر نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سکندر اعظم روڈ کو 4 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، مارگلہ پہاڑیوں کے عین وسط میں شاہ اللہ دتہ سے 7 کلومیٹر طویل سکندر اعظم روڈ پر 600 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، یہ روڈ اسلام آباد کو صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے ہری پور سے جوڑے گی۔چیئرمین سی ڈی اے نورالاامین مینگل نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔سکندر اعظم روڈ کینتھلا کنویں کے قریب اسلام آباد اور ہری پور کی سرحد پر ختم ہوگی جبکہ بقیہ حصہ صوبہ خیبر پختونخوا تعمیر کرے گا۔ وفاقی ترقیاتی ادارہ دونوں سڑکوں ملا کر وفاقی دارالحکومت سے مختصر ترین راستہ بنائے گا۔تاریخی اور خستہ حال سڑک کی تعمیر نو سے علاقے میں سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لیے سکندر اعظم روڈ پر پارک اور کار پارکنگ ایریا بھی تیار کیا جائے گا۔