ملک میں گھی، دالیں، انڈے، لہسن، چاول، چینی، مرغی، ایل پی جی اور پیٹرول سمیت 32 اشیائے ضروریہ مہنگی ہو گئی ہیں. تمام اشیا صرف ایک ہفتے کے دوران مہنگی ہوئی ہیں۔اس حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی جائزہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صرف ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 2.82 فیصد کا اضافہ ہوا ہے .جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 34.49 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔اعداد و شمار کے تحت ایک ہفتے میں 32 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی ہیں جب کہ 18 اشیا کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جائزہ رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 508 روپے کا اضافہ ہوا ہے .جس کے بعد اس کی قیمت 3396 روپے تک پہنچ گئی ہے۔جائزہ رپورٹ کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 35 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے جب کہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 66 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے جب کہ دال ماش کی فی کلو قیمت 15 روپے بڑھ گئی ہے.اعداد و شمار کے تحت دال مسور 10 روپے سے زائد مہنگی ہوئی ہے جب کہ فی درجن انڈوں کی قیمت 10 روپے تک بڑھ گئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق دال مونگ فی کلو 6 روپے، چاول فی کلو 4 روپے، چینی 2 روپے 12 پیسے اور اڑھائی کلو برانڈڈ گھی کے ڈبے کی قیمت 14 روپے تک بڑھ گئی ہے۔