آسٹریلیا میں آسمان سے زندہ مچھلیوں کی بارش دیکھ کر لوگ دن رہ گئے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ آسٹریلیا کے جنوب مغرب میں صحرائے تنامی کے شمالی کنارے پر واقع قصبے لجامانو میں مچھلیوں کی بارش کا حیران کن منظر دیکھا گیا۔تاہم گاؤں کے بزرگوں کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ 1974، 2004 اور 2010 میں بھی لجامانو میں آسمان سے مچھلیوں کی بارش ہوئی تھی۔مقامی کونسلر اینڈریو جانسن کا کہنا ہے کہ طوفان بستی کی طرف بڑھتا ہوا دیکھا گیا مقامی لوگوں کا خیال تھا کہ یہ صرف بارش ہے لیکن جب بارش شروع ہوئی تو لوگوں نے آسمان سے مچھلیاں گرتی دیکھیں۔انہوں نے بتایا کہ آسمان سے گرنے والی زندہ مچھلیاں چھوٹی تھیں جنہیں بچوں نے پکڑ کر پانی کے برتن میں رکھا۔ماہرین موسمیات کے مطابق ایسے واقعات بڑے پیمانے پر آنے والے طوفانوں کی وجہ سے ہو سکتے ہیں جو دریاؤں سے پانی اور مچھلیوں یا دیگر چھوٹے آبی حیات کو اپنے ساتھ لے جاتے ہیں اور پھر آسمان سے یہ جاندار ہوا کے ذریعے گرتے ہیں۔ماہرین کے مطابق آسمان سے گرنے والی مچھلیاں تقریباً دو انگلیوں کے برابر اور زندہ تھیں۔