اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرے کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ کیلئے پیسے کا لالچ دیا جارہا ہے، میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف جنگ لڑ رہا ہوں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو گزشتہ روز ختم ہونے والے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی معیار کی بیٹنگ کی ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی معیار کی بلے بازی اور ایک شاندار قائدانہ اننگز کے ذریعے پاکستانی ٹیم کو زبردست انداز میں میچ میں واپس لانے پر میں کپتان بابر اعظم اور ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مہمان ٹیم کے بھرپور مقابلے پر پاکستان کے کھلاڑی رضوان اور عبداللہ شفیق بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ تاہم بدقسمتی سے میں کراچی میں کھیلا گیا پاکستان اور آسٹریلیا کا ٹیسٹ میچ نہیں دیکھ سکا۔
وزیر اعظم نے تحریکِ عدم اعتماد اور اپوزیشن کے سیاسی داؤ پیچ پر کسی کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک دوسرے محاذ پر میچ فکسنگ کے خلاف برسرِ پیکار ہون جہاں میرے کھلاڑیوں کو بہلانے پھسلانے کیلئے بے دریغ پیسہ بہایا جارہا ہے۔