ملتان(نیوز ڈیسک) ملتان میں موٹروے ایم 5 پر جلال پور انٹر چینج کے قریب بس اور ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے، لاشوں اور زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں ایم فائیو موٹروے پر جلال پور انٹر چینج کے قریب رات اڑھائی بجے کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی نجی کمپنی کی بس پیچھے سے ٹینکر سے ٹکرا گئی جس ہے نتیجے میں ٹینکر اور بس میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مکمل بس اور ٹینکر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔واقع کے بعد موٹروے پولیس، ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور تین گھنٹے بعد آگ پر قابو پا کر 6 مسافروں کو زخمی حالت میں نکال لیا۔بس ڈرائیور سمیت 20 مسافر واقع میں جان کی بازی ہار گئے، آگ لگنے سے لاشیں بری طرح جھلس گئیں جن کی شناخت نہ ہو سکی۔لاشوں اور زخمیوں کو ملتان کے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پر ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثاء کے حوالے کیا جائے گا، واقع کی تحقیقات کے لیئے موٹروے پولیس نے بھی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پنجاب فرانزک کی ٹیموں نے بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔