عوام ووٹ کی طاقت سے مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری کا راستہ روکیں:شہباز شریف

شہباز شریف کا کہنا ہےکہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگا ری کا راستہ روکیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ این اے 133 لاہورکے ضمنی انتخاب میں عوام بھرپور حصہ لیں ، عوام باتوں، دعوؤں اور نعروں کے فریب میں نہ آئیں، کارکردگی کوووٹ دیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی ملک اور عوام کو ر یلیف دے سکتی ہے۔شہباز شریف نے عوام سے اپیل کر تے ہوئے کہاکہ جوق درجوق گھروں سے نکلیں، حالات بدلنے میں اپنا کردا ر ادا کریں۔مسلم لیگ ن کے صدر کا مزید کہنا تھاکہ پارٹی رہنما اور کارکنان عوام کو پولنگ اسٹیشنز میں سہولت دینے کے لئے فعال رہیں۔پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے شروع ہوا جوکہ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہےگی۔حلقے میں 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 34 حساس اور 21 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔حلقے این اے 133 میں مجموعی طور پر 11 امیدوار میدان میں ہیں، ن لیگ کی شائستہ پرویز اور پیپلز پارٹی کے اسلم گل میں کڑا مقابلہ متوقع ہے۔ن لیگ کے پرویز ملک کے انتقال سے خالی  نشست پر ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوارجمشید اقبال چیمہ اورمسرت چیمہ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر پہلے ہی مقابلے سے باہر ہو چکے ہیں۔حلقے میں چار لاکھ  چالیس ہزار سے زائد ووٹرزحق رائے دہی رکھتے ہیں۔این اے 133 میں ضمنی انتخابات کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیور ٹی کے سخت انتظامات لیے گئے ہیں۔ رینجرز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ایس ایس پی آپریشنز کی نگرانی میں 6 ایس پیز اور 14 ایس ڈی پی اوز فرائض انجام دے رہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment