کورونا وائرس کیسز میں کمی بالخصوص کورونا ویکسی نیشن کے بعد جہا ں دنیا بھر میں دیگر معالات زندگی بہتر ہوئے وہیں کھیلوں کے میدان بھی آباد ہونے لگے ہیں۔ گزشتہ ماہ یو اے ای میں بھارت کی میزبانی میںآئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد ہوا۔بعد ازاں بنگلہ دیش، بھارت، سری لنکا و دیگر ممالک میں کرکٹ سریز جاری ہیں۔ویسٹ انڈیز کے دورہ کے حوالہ سے تیاریاں جاری ہیں اور انتظامات حتمی کو شکل دی جارہی ہے۔ ہوم سریز کا پہلا ٹی20 میچ 13 دسمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا اور پوری سیریز کی میزبانی کراچی کر رہی ہے ۔ کھیلوں کی ان سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2022 کے ساتویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کر کے شائقین کو خوشخبری سنا دی ۔پی ایس ایل سیزن سیون کا آغاز 27 جنوری سے ہوگا جس کے لئے سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں ۔ایونٹ کے ڈرافٹس 12 دسمبر 2021 کو لاہور میں ہو گی ۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کا مقابلہ میزبان اور 2020 کی چیمپئن کراچی کنگز سے نیشنل سٹیڈیم میں ہوگا۔32 روز تک جاری رہنے والے 34 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں کھیلے جانے والے چھ ڈبل ہیڈرز میں سے پہلے ملتان سلطانز کا مقابلہ 2020 کی رنرز اپ لاہور قلندرز سے ہوگا، جس کے بعد کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ ہوگا۔ جو ہفتہ کو شام 7 بجے شروع ہوگا۔دو بار کی چیمپئن اسلام آباد اتوار کی سہ پہر پشاور زلمی سے ٹکرائے گی، اسی روز شام کوروایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان مقابلہ ہو ا۔ 27 جنوری سے 7 فروری تک 15 میچوں کی میزبانی کراچی کرے گا جبکہ باقی 15 لیگ میچز اور چار پلے آف مقابلے 10 سے 27 فروری تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ 2017 کے بعد پہلا موقع ہو گا جب لاہور میں 27 فروری 2022 کو فائنل کا انعقاد ہو گا۔ ہر ٹیم کراچی اور لاہور میں برابر کے میچز کے ساتھ ساتھ قدرتی اور مصنوعی روشنیوں میں کھیلے گی۔ ایونٹ کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہوگا۔ہر سائیڈ آخری ایونٹ سے زیادہ سے زیادہ آٹھ کھلاڑی برقرار رکھنے کے ساتھ ڈرافٹ میں آئے گی۔ کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کو حتمی شکل دینے کے بعد، ٹرانسفر اور ریٹینشن ونڈو اب باضابطہ طور پر کھل گئی ہے اور 10 دسمبر کو بند ہو جائے گی۔پلاٹینم کیٹیگری میں لاہور قلندرز کا پہلا انتخاب ہوگا، اس کے بعد ملتان سلطانز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہوں گے۔ ڈائمنڈ کیٹیگری میں پہلا انتخاب لاہور قلندرز کا ہوگا۔ اس کے بعد پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز ہوں گے۔گولڈ کیٹیگری میں پہلی پک لاہور قلندرز کو ہوگی، سلور کیٹیگری میں پشاور زلمی کی پہلی، ایمرجنگ کیٹیگری میں لاہور قلندرز کی پہلی اور سپلیمنٹری کیٹیگری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی پک ہوگی۔پی سی بی نے مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔پاکستان کے وکٹ کیپر/بلے باز اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو (پہلے سلور)، اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی (پہلے گولڈ)اور لاہور قلندرز کے حارث رئوف (پہلے ڈائمنڈ)کو پلاٹینم کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ملتان سلطانز کے صہیب مقصود جو ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے کھلاڑی تھے اور پشاور زلمی کے حیدر علی بالترتیب سلور اور گولڈ کیٹیگریز سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں چلے گئے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے،’’ مجھے خوشی ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سے اب ٹیموں کے ساتھ گیند رولنگ شروع ہو جائے گی کہ وہ اپنی لائن اپ کی منصوبہ بندی اور حتمی شکل دے سکیں اور پی سی بی آپریشنل ڈلیوری کی رفتار میں اضافہ کرے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کی معیاری سہولیات کے ساتھ ساتھ ہمارے قابل قدر تجارتی شراکت دار شائقین کو فائیو سٹار تجربہ فراہم کر سکیں‘‘۔
ان کا مزید کہنا تھا،’’ پاکستان میں خواتین کے لئے پاکستان سپر لیگ ہو گی ۔ہمارے پاس خواتین کی کرکٹ کے لیے کوئی نظام ہے نہ کوئی اسکولز ہیں اور نہ ہی کالجز ہیں۔ ویمنز پی ایس ایشیا میں پہلی ٹی ٹوئنٹی لیگ ہوگی کیونکہ خواتین کی کرکٹ ہمارے کھیل کا ایک اہم پہلو ہے۔ افغانستان کی کرکٹ فی الحال مشکلات کا شکار ہے لیکن دیگر ملکوں کے کرکٹ بورڈز کی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ بھی افغانستان کے ساتھ کھڑاہے‘‘۔
پی ایس ایل VII گزشتہ ایڈیشنز کے مقابلے میں منفرد ہو گا۔ سب سے بڑی تبدیل پی سی بی منیجمنٹ کی ہے چئیرمین رمیز راجہ سمیت نئے عہدیدران بخوبی ذمہ داریا ں نبھا رہے ہیں ۔ سابق چئیرمین احسان مانی، سی ای او وسیم خان سمیت بیشتر عہدیدران سبکدوش ہو چکے ہیں۔ پی ایس ایل 7سے قبل اہم آفیشل مستعفی ہوگئے پی سی بی کے جی ایم کمرشل عمران احمد خان ڈرافٹ تک ہی مزید ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ عمران احمد خان ابتدا سے ہی پی ایس ایل کی آرگنائزنگ ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں، کھلاڑیوں سے رابطے، فرنچائزز کی مشکلات کے حل تلاش کرنے سمیت تمام امور وہی دیکھتے رہے۔ حال ہی میں ٹائٹل اسپانسر شپ ڈیل میں بھی ان کا اہم کردار تھا، تمام ٹیم اونرز انھیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پس منظر میں رہ کر بیشتر اہم کام کرنے کے باوجود انھیں وہ مقام نہیں مل سکا جس کے مستحق تھے، ساتویں ایڈیشن سے قبل عمران کو پوری امید تھی کہ پی ایس ایل کا ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ بنا دیا جائے گا مگر یہ عہدہ عثمان واہلہ کوسونپ دیا گیا۔ عمران اس پوزیشن کا خود کو حقدار سمجھتے تھے۔ان کے اب ایک فرنچائز اونر کی شارجہ میں لیگ سے منسلک ہونے کا امکان ہے ۔اسی طرح سو فیصدشائقین کو اسٹیڈیمز لانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔وہ کراچی کنگز کی قیادت کریں گے۔ کراچی کنگز کی کپتانی پہلے عماد وسیم کے ہاتھوں میں تھی اور ان ہی کی قیادت میں کراچی کنگز نے 2020 میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل ٹائٹل بھی جیتا تھا۔ اسی طرحقومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے بطور ہیڈ کوچ پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو جوائن کرلیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ انتظامیہ کے مطابق ہیڈ کوچ جوہن بوتھا آسٹریلیا میں ہونے کی وجہ سے اس سیزن میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔شاہین شاہ آفریدی نے لاہور قلندرز کا کپتان بننے کے لیے رضامندی ظاہر کردی۔ان کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان سپرلیگ میں کپتانی کی آفر ہوئی تو اسے قبول کرلوں گا، کپتانی ایک اعزاز ہے، لاہور قلندرز کے لیے ہر میچ میں پرفارمنس دینے کی ہمیشہ کوشش کرتا
ہوں۔شاہین شاہ آفریدی نے کہا ،’’جارحانہ انداز سے بولنگ کرنا شوق ہے۔ اگر انسان تگڑا ہو تو ہر قسم کی کنڈیشنز میں جارحانہ بولنگ کرسکتا ہے۔ تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کے ہر لمحے کو انجوائے کررہا ہوں‘‘۔عاقب جاوید نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز کے ساتھ کھلے ذہن اور اپنے آئیڈیاز کے ساتھ خدمات انجام دے کر ہی خوش ہوں، فرنچائز کے پلیٹ فارم سے پاکستان کو نئے کرکٹرز دینے کے لیے ڈیولپمنٹ پروگرام زبردست طریقے سے جاری ہے، شاہین شاہ آفریدی، حارث رئوف اور دلبر حسین کی کارکردگی دنیا کے سامنے ہے، اب مزید ایک کرکٹر سید فریدون لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے بگ بیش میں کھیلے گا تو لوگ ایک بار پھر ہمارے اس پروگرام کو سراہیں گے۔