اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسلام آباد راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد موسم تو حسین ہو گیا لیکن کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا، گہرے سیاہ بادلوں نے دن کو رات میں بدل دیا جبکہ مارگلہ کی پہاڑیاں بادلوں میں چھپ گئیں۔محکمہ موسمیات نےدن بھر وقفے وقفے سے بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔کوئٹہ کو طوفانی بارش سے سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، سریاب اور مشرقی بائی پاس کے علاقوں سمیت کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں، شہر کے مصروف ترین و کاروباری شاہراہیں سیوریج کے پانی سے دریا کا منظر پیش کرنے لگی، پانی گلیوں اور گھروں میں داخل ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق سریاب روڈ کے قریب مکانات کی چھتیں گر گئیں جس سے دو خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، خضدار، کوہلو، صحبت پور، اوستا محمد میں بارش،، کوہلو اور قلات میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کی اطلاعات ہیں۔کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی، خلیج بنگال سے آنیوالا مون سون بارشوں کا سسٹم تاحال سندھ میں موجود، گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں27 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، کھارادر کے اطراف بھی بارش ہوئی، مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔