یوکرائن کو امریکہ سے 1 ارب 50 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد موصول
یوکرائن کو عالمی بینک کے ذریعے امریکہ سے 1 ارب 50 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد موصول ہو گئی ہے۔یوکرائن کی وزارت خزانہ نے فیس بک پر پوسٹ کیا کہ یہ امداد امریکی حکومت کی جانب سے 4 ارب 50 کروڑ ڈالر کی اضافی مالی اعانت کی پہلی قسط ہے جو عالمی بینک کے عوامی اخراجات برائے انتظامی قوت برداشت منصوبے کے تحت یوکرائن کو فراہم کی گئی ہے۔اس میں بتایا گیا ہے کہ مالی امداد کا استعمال معمر افراد کو پنشن کی ادائیگی، سماجی امداد، طبی خدمات پر اخراجات کو پورا کرنے اور دیگر ادائیگیوں کیلئے کیا جائے گا۔عالمی بینک کی ویب سائٹ کے مطابق عالمی بینک نے روس یوکرائن تنازعہ کے معاشی اثرات کی وجہ سے یوکرائن کی مدد کیلئے تقریبا 17 ارب 80 کروڑ ڈالر کی ہنگامی مالی اعانت جمع کی ہے۔اس رقم میں سے 11 ارب 40 کروڑ ڈالر کی مالی اعانت فراہم کی جا چکی ہے۔