ملک بھرکے سیاحتی مقامات کو تاحکم ثانی بند رکھنے کا فیصلہ
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وبا کے پیشِ نظر ملک بھرکے سیاحتی مقامات کو تاحکم ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عید کی تعطیلات کے بعد دفاتر آج سے 50 فیصد حاضری کی شرط کے ساتھ کھل گئے ہیں اور ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بحال ہو چکی ہے جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں گنجائش سے 50 فیصد کم مسافروں کی شرط لازمی ہو گی۔
اس کے علاوہ 70 فیصد مسافروں کو بٹھانے کی شرط کے ساتھ ٹرینیں بھی چلیں گی ،ملک بھر کے بازار آج سے رات 8 بجے تک کھلے رکھے جاسکیں گے جب کہ ریسٹورینٹس بدستور ڈائن اِن کے لیے بند رہیں گے، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے 23 مئی تک بند رکھنے کا اعلان پہلے ہی ہوچکا ہے۔