نہتےفلسطینیوں پراسرائیلی حملےجاری،مزید چالیس شہادتیں، تعداد 188تک پہنچ گئی
غزہ: اسرائیلی فوج نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فضائی اور زمینی حملوں میں مزید درجنوں مسلمانوں کو شہید کر دیا ہے۔ شہید ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صہیونی فوج نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقے میں بھی حملے شروع کر دیے ہیں، ان حملوں میں اب تک 21 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پٹی کے شمالی علاقے میں گولہ باری کی اطلاعات ہیں۔ محاصرہ زدہ غزہ شہر پر فضائی حملوں کی زد میں آ کر مزید 33 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے ابھی تک لاشیں اور زخمی مل رہے ہیں۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے کیونکہ تعداد پہلے ہی بڑھتی جا رہی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سوموار سے جاری فضائی حملوں میں اب تک صرف غزہ میں 188 افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں، ان شہدا میں 50 بچے بھی شامل ہیں۔