بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی مسلمان نوجوان سے محبت کے چرچے
ممبئی(نیوزڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت ان دنوں عدیل خان درانی نامی کاروباری شخص کے ساتھ تعلق کی وجہ سے خبروں میں ہیں اور ان کے مداح شش و پنج میں ہیں کہ اداکارہ کب شادی کر رہی ہیں اور کب ماں بننے جا رہی ہیں؟ گزشتہ روزراکھی ساونت نے پاپارازی فوٹوگرافرز سے گفتگو کرتے ہوئے ان سوالوں کے جوابات بالآخر دے دیئے ہیں۔ ایک پاپارازی کی طرف سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ ’وائرل بھیانی‘ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں راکھی ساونت اداکار سلمان خان کو مخاطب کرتے ہوئے پہلے خود ہی سوال کرتی ہیں کہ ”سلمان جی، آپ ماما کب بنو گے؟“ اور پھر خود ہی اس سوال کے جواب میں کہتی ہیں کہ ”ارے یہ تو میرے ہاتھ میں ہے، اور عدیل کے۔“اس موقع پر ایک فوٹوگرافر ان سے کہتا ہے کہ خوشخبری جلدی سناؤ، تو راکھی ساونت کہتی ہیں کہ ”نہیں نہیں، میری شادی نہیں ہوئی ہے ناں۔ عدیل اور میں جان رہے ہیں ابھی۔ پہلے عدیل کی بہن کی شادی ہو گی، پھر میری ہو گی۔“واضح رہے کہ راکھی ساونت کی طرف سے رواں سال فروری میں سوشل میڈیا پر اپنے شوہر رتیش سنگھ سے طلاق لینے کا اعلان کیا گیااور گزشتہ ماہ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ہی عدیل خان نامی شخص کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں لوگوں کو بتایا۔راکھی ساونت نے عدیل خان درانی کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ وہ دبئی میں مقیم کاروباری شخص ہے، جو گاڑیوں کی خریدوفروخت کے علاوہ دیگر کئی طرح کے کاروبار کرتا ہے۔ اداکارہ نے بتایا تھا کہ عدیل خان نے انہیں پرپوز کیا اور بی ایم ڈبلیو گاڑی تحفے میں دی۔