پیپلز پارٹی کے گیس لوڈ شیڈنگ، مہنگائی کیخلاف مظاہرے: جینا دشوار ہو گیا: مقررین

لاہور/ اسلام آباد/ قصور/ حافظ آباد/ شیخوپورہ/ گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندگان) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر گیس کی عدم دستیابی اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہمیں پرانا پاکستان واپس کریں۔ مقررین نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کا سنگ بنیاد محترمہ بینظیر بھٹو نے رکھا بلکہ صدر آصف علی زرداری نے 2013ء میں باقاعدہ افتتاح کیا تھا۔ ڈرپوک اور بزدل حکمرانوں نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید سے مخاصمت اور صدر آصف علی زرداری سے نفرت کی بنیاد پر اس بڑے قومی منصوبے کو ختم کر دیا۔ اس لئے آج ملک بھر میں گیس کی قلت ہے۔ عمران خان نے عملی طور پر ملک کو پتھر کے دور میں داخل کر دیا ہے۔ خواتین لکڑیاں اور گوبر جلا کر کھانا پکا رہی ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی پیپلزپارٹی کی ہدایت پر جمعہ کے روز چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گیس کی قلت اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ تاجر مزدور تاجر طلباء خواتین ہی شریک تھے۔ مظاہرین نے گو نیازی گو مار گئی مہنگائی ہائے  نیازی ہائے نیازی کے نعرے لگائے۔ پیپلز پارٹی کارکنوں کی حکومتی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی، مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر کچھ دیر کیلئے سڑک بند کردی بعد میں کارکن پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔ مظاہرہ میں پارٹی قائدین   شکیل عباسی ، راجہ امجد،  علی سبزواری، واصف کیانی، آفتاب شاہ،عامر شہزاد، چوہدری وسیم ,عظمیٰ ناز، باسط کیانی، یاسین آزاد، شاذیہ بتول ، ملک زاہد اقبال موجود تھے پارٹی راہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااہل سلیکٹڈ دور میں عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام مہنگی گیس اور مہنگائی کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے  جیالوں نے پریس کلب کے باہرگیس کی لوڈ شیڈنگ اورمہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل نے کی۔ اس موقع پرعاصم بھٹی، الطاف قریشی، علی بدر، افنان بٹ، امجد جٹ،آصف رضا بیگ ،زاہد ذوالفقار،آصف ناگرہ ،ایڈون سہوترا ،علامہ یوسف اعوان،ٹونی شاہ،رائے نوشین بھٹی ، نرگس شان،سونیا خان،صداقت شیروانی،صابر بھلہ، شاہدہ جبیں ،عمر ایاز،عامر سہیل بٹ،نصیر احمد،مانی پہلوان،عارف خان اور دیگر موجود تھے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اسلم گل نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے۔ گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے رہی سہی کسر نکال دی ہے۔حکومت نے عوام کا جینا دشوار کر دیا ہے، لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔ موجودہ حالات میں گھر چلانا اور بچوں کی پرورش انتہائی مشکل ہو چکی ہے۔ ہم ظالم حکومت کو عوام کے ساتھ ظلم نہیں کرنے دیں گے ہر سطح پر عوام کے حقوق کے لیے ہر میدان میں لڑیں گے۔ پیپلز پارٹی نے قصورمیں بھی روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری منظور احمد کی زیر قیادت ہونے والے مظاہرہ میں ڈسٹرکٹ بار قصور کے صدر مرزا نسیم الحسن ایڈووکیٹ اور انجمن تاجران اور سول سوسائٹی نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے حکومت کے خلاف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے عوام کو ڈلیور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر نائب صدر سنٹرل پنجاب و صدر گوجرانوالہ ڈویژن میاں اظہر حسن ڈار، صدر پاکستان پیپلز پارٹی سٹی گوجرانوالہ میاں ودود حسن ڈار اور جنرل سیکرٹری خالد حسین باجوہ کی قیادت میں پریس کلب گوجرانوالہ کے باہر بجلی گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ گیس بندش اور روز بروز بڑھتی مہنگائی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں جوائنٹ سیکرٹری سٹی صابر باجوہ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سٹی تیمور ڈار، راحت محمود ورک و دیگر بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری کی اپیل پر شیخوپورہ میں بھی گیس کی بڑھتی ہوئی قلت، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کیخلاف پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام بعد از نماز جمعہ بلدیہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت ضلع سینئر نائب صدر چودھری خالق عزیز ورک، ضلعی نائب صدر چودھر ی منیر قمر واہگہ، سٹی صدر سیدندیم عباس کاظمی، سابق تحصیل صدر چودھری لطیف احسن پنوں ایڈووکیٹ، پی وائی او کے ضلعی صدر سید عضب بخاری، رانا اکرم ناز، افتخار علی بھٹی ،کاشف گیلانی ، میاں محمود اختر، سید شفقت مشتاق شاہ ، میاں عدنان سعید دیگر رہنمائوں نے کی۔