حافظ آباد: رمضان میں شہریوں کے تحفظ کیلئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) حافظ آبادپولیس کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران انسداد کرونا اور شہریوں کے تحفظ کے لئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ضلع بھر کی 1268مساجد،90 امام بارگاہوں،10 احمدیہ بیت الذکراور3 اسماعیلی جماعت خانوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لئے پولیس اہلکاروں ،پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز اور والنٹیئرز سمیت2000 سے زائد اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ اور کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کے عمل کو یقینی بنایا جائے گاجبکہ نماز فجر اورتراویح کے اوقات میں اضافی نفری کو تعینات کیا جائے گا اور مئوثر گشت کو یقینی بنایا جائے گا۔