سلمان خان کو دھمکیوں کا معاملہ، پولیس نے اداکار کے گھر کی سکیورٹی بڑھا دی
بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کو جان کی دھمکیاں ملنے کے بعد ممبئی پولیس نے اداکار کے گھر کے باہر سکیورٹی میں اضافہ کر دیا۔
ای میل کے ذریعے سلمان خان سے متعلق جان لیوا دھمکی موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے باندرہ پولیس اسٹیشن پر اداکار کے قریبی ساتھی کی مدعیت میں گینگسٹر لارنس بشنوئی اور کینیڈین نژاد گینگسٹر گولڈی برار سمیت روہت گرگ کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مبینہ دھمکیوں کا مقدمہ درج کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سلمان خان کے قریبی ساتھی کو روہت گرگ نامی شخص کی جانب سے ای میل کے ذریعے جان لیوا دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، ای میل میں کہا گیا تھا کہ کینیڈین نژاد گینگسٹر گولڈی برار سلمان خان سے براہ راست مل کر بات کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار گینگسٹر لارنس بشنوئی نے کہا تھا کہ اس کی زندگی کا مقصد ہی سلمان خان کو قتل کرنا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لارنس بشنوئی نے سلمان پر زور دیا کہ وہ اس کے مذہبی گرو جمبیشور(جمبا جی) کے مندر جائے اور معافی مانگے، اگر ہماری برادری معاف کر دے تو میں کچھ نہیں کہوں گا، ورنہ سکیورٹی ہٹتے ہی میں سلمان خان کو قتل کردوں گا۔
لارنس بشنوئی کے مطابق اس کی برادری کالے ہرن کو اپنے مذہبی گرو بھگوان جمبیشور (جمبا جی) کا اوتار سمجھتی ہے، لہٰذا عدالت سے اس کیس میں سزا یا بریت سلمان خان کیلئے حتمی فیصلہ نہیں ہوگی، اگر سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان جمبا جی مندر میں جاکر سر عام معافی مانگ لیں تو وہ اپنا ارادہ بدل سکتا ہے ورنہ بشنوئی برادری انہیں قتل کردے گی۔