معروف ڈرامہ تیرے بن میں ’حیا‘ کا کردار کرنے پر سبینہ فاروق کو دھمکیاں
حالیہ دنوں میں جیو انٹرٹینمنٹ پر چلنے والے مقبول ڈرامہ تیرے بن میں حیا کا کردار کرنے پر اداکارہ سبینہ فاروق کو دھمکیاں دی جانے لگیں۔
سبینہ نے ’تیرے بن‘ میں حیا کا کردار نبھایا جو کہ ایک منفی کردار تھا، ڈرامے میں مرکزی کردار وہاج علی اور یمنیٰ زیدی نبھا رہے ہیں جنہیں کافی پسند کیا جارہا ہے۔
تاہم اداکارہ سبینہ فاروق نے انسٹاگرام پر اطلاع دی کہ انہیں اس کردار کو کرنے کے بعد دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی اسٹوری میں لکھا ’میں ڈراما تیرے بن میں اپنے کردار سے متعلق مداحوں کی بنائی گئی میمز سے محظوظ ہورہی تھی لیکن ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے، یوٹیوب پر جعلی اور ناقابلِ قبول مواد ڈالا جارہا ہے اور مجھے دھمکیاں دی جارہی ہیں جو کہ میرے اور میرے خاندان کے لیے پریشان کن ہے، حیا صرف ایک کردار ہے‘۔
سبینہ نے سخت الفاظ میں لکھا کہ ‘کچھ جاہلوں کو کردار اور اداکار کے درمیان فرق نہیں معلوم ہوتا، میری ایسے لوگوں سے درخواست ہے کہ اپنا غصہ مجھ پر نہ نکالیں اور جعلی یوٹیوب ویڈیوز بنانے والوں، آپ کی کمائی پر لعنت ہے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘اگر میں اتنی بری ہوں تو مجھے فالو کرنا بند کریں اور ڈرامے میں حیا کو نہ دیکھیں، اگر مجھے مزید کوئی دھمکی دی گئی تو میں ان افراد کے نام اور ان کے یوٹیوب چینلز ظاہر کرکے سب کو دکھاؤں گی اور پوسٹ کروں گی’۔
واضح رہے کہ سبینہ تیرے بن میں مرتسم یعنی وہاج علی کی کزن ہیں جو مرتسم سے بے پناہ محبت کرتی ہے، مرتسم کی شادی میرب (یمنیٰ زیدی) سے ہونے کے بعد حیا دونوں کو الگ کرنے کی کوششیں کرنے لگتی ہے جب کہ دونوں پرکالا جادو بھی کرنے کو تیار ہو جاتی ہے۔